Aaj News

اتوار, ستمبر 08, 2024  
03 Rabi ul Awal 1446  

پاکستان ہاکی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی، لاہور ائیرپورٹ پر شاندار استقبال

لاہور پہنچنے کے فوری بعد قومی ہاکی ٹیم وزیر اعظم سے ملاقات کرے گی
شائع 12 مئ 2024 06:04pm

اذلان شاہ ہاکی کپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والی سلور میڈلسٹ قومی ہاکی ٹیم ملائیشیا سے لاہور پہنچ گئی جبکہ ایئرپورٹ پر پاکستان ٹیم کا شاندار استقبال کیا گیا۔

پاکستان ہاکی ٹیم ملائیشیا میں ہونے والے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد پاکستان پہنچ گئی۔

قومی ٹیم کی پرواز علامہ اقبال ائیرپورٹ پر لینڈ کرگئی جہاں پر پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود سمیت دیگر عہدیداران نے ٹیم کا شاندار استقبال کیا۔

چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے کہا کہ پاکستان کی ہاکی کا مستقبل دوبارہ سےروشن ہورہا ہے، میرٹ کی بنیاد پرٹیم کوسلیکٹ کیا، وزیراعظم ہاکی ٹیم کےلیےانعامات کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل میچ براہ راست دکھانے پر وزیر اطلاعات کے شکرگزار ہیں، آئندہ بھی حکومت ہاکی کے فروغ کےلیے کام کرے گی۔

اس موقع پر کپتان ہاکی ٹیم عماد بٹ نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی سےبہت خوش ہوں، بھرپور حوصلہ افزائی پر وزیراعظم اور سپورٹس بورڈ کا شکرگزارہوں، ایک وقت آئے گا یہی ٹیم ورلڈ کپ لیکر آئے گی۔

یاد رہے کہ ملائیشیا میں کھیلے گٸے اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان پول راؤنڈ میں ناقابل شکست رہا، پورے ایونٹ میں ٹیم نے 3 میچ میں کامیابی اور 2 ڈرا کرتے ہوئے 13 سال بعد فاٸنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

اذلان شاہ ہاکی کپ کا فائنل میچ پاکستان اور جاپان کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان کو پینلٹی شوٹس میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، مقابلہ 2-2 سے برابر رہا جس پر میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹس پر کیا گیا۔

اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ہاکی ٹیم نے سلور میڈل اپنے نام کیا۔

قومی ہاکی ٹیم کو وزیراعظم کی دعوت

لاہور پہنچنے کے بعد اب قومی ہاکی ٹیم وزیر اعظم شہبازشریف سے ملاقات کرے گی۔

lahore airport

Pakistan Hockey Team

Pakistan Hockey Federation

Azlan Shah Hockey Cup