Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

مصر نے اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ ختم کرنے کی دھمکی دے دی

مصر نے رفح میں اسرائیلی آپریشن کے خلاف امریکا کو بھی خبردار کردیا
شائع 11 مئ 2024 03:11pm

مصر نے رفح میں جاری حملے نہ روکے جانے پر اسرائیل کو امن معاہدہ منسوخ کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق مصری حکام نے امریکی انٹیلی جنس ڈائریکٹر ولیم برنز کو کہا کہ اسرائیل کو رفح آپریشن روکنا ہوگا۔

اسرائیلی اخبار ”معاریف“ نے رپورٹ کیا ہے کہ حکام نے حال ہی میں مصر کا دورہ کرنے والے امریکی انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر کو اسرائیل پر شدید دباؤ ڈالنے اور اسے رفح میں اپنا آپریشن ختم کرنے اور سنجیدگی سے مذاکرات کی طرف واپس آنے پر مجبور کرنے کا کہا ہے۔

کویت کی پارلیمنٹ تحلیل کردی گئی

مصر نے امریکی عہدیدار کو آگاہ کیا کہ ایسا نہ ہوا تو قاہرہ اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ منسوخ کرسکتا ہے۔

اخبار نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ غزہ پر جنگ کے آغاز کے بعد پہلی مرتبہ قاہرہ امدادی ٹرک ڈرائیوروں سے رفح کراسنگ کے مصر کی جانب کے علاقے کو خالی کرنے کے لیے کہہ رہا ہے۔

مصر غزہ میں سکیورٹی کی خرابی کے خدشہ کے پیش نظر رفح کی کراسنگ کی اپنی طرف کے علاقے میں حفاظتی اقدامات مضبوط بنا رہا ہے۔

اسرائیلی مندوب نے اقوام متحدہ چارٹر کے سب کے سامنے چیتھڑے کر ڈالے، ویڈیو وائرل

منگل کو اسرائیلی فوج نے اعلان کیا تھا کہ اس نے پیر کے روز شروع ہونے والے فوجی آپریشن میں غزہ کی پٹی کو مصری سرزمین سے الگ کرنے والی رفح کی زمینی گزرگاہ کی فلسطینی طرف کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

دریں اثنا مصری وزارت خارجہ نے موجودہ ثالثی کی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لیے تمام بین الاقوامی کوششوں کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور فریقین کو کہا کہ وہ لچک کا مظاہرہ کریں اور معاہدے تک پہنچنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔

مصر کے وزیر خارجہ سامح شکری نے جمعہ کو امریکا، فرانس اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ کے ساتھ غزہ کی پٹی میں ہونے والی پیش رفت، انسانی ہمدردی کی صورتِ حال اور مذاکرات کی موجودہ صورتِ حال پر بات چیت کی اور جامع جنگ بندی کے معاہدے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔

RAFAH OPERATION

Israel Gaza War

Israeli Operation in Rafah