Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

نو مئی کے حوالے سے احتجاج، پی ٹی آئی کےمتعدد رہنما گرفتار

پولیس کی بھاری نفری جناح ہاؤس کے اطراف میں موجود
اپ ڈیٹ 09 مئ 2024 08:05pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 9 مئی کو احتجاج کرنے کی کوشش پر متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں کا گرفتار کرلیا گیا ہے۔

سیالکوٹ پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ریحانہ ڈار کو حراست میں لے لیا ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جناح ہاؤس میں شہید کارکنان کیلئے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں شرکت سے قبل ریحانہ ڈار کو پولیس نے حراست میں لیا۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے 9 مئی کو ملک بھر میں پرامن احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا۔

ریحانہ ڈار تقریب میں شرکت کے لئے گھر سے نکلی ہی تھیں کہ لیڈی کانسٹیبز نے انہیں حراست میں لیا۔

ریحانہ امتیاز ڈار کے ساتھ روبا عمر ڈار اور خواتین ورکرز کو بھی حراست میں لیا گیا۔

دوسری جانب پولیس کی بھاری نفری جناح ہاؤس کے اطراف میں موجود ہے۔

سیالکوٹ پولیس نے پی ٹی آئی رہنما ریحانہ ڈار کو حراست میں لینے کے بعد واپس گھر پر ہی چھوڑ دیا۔

ریحانہ ڈار کا کہنا ہے کہ ابھی بھی سات خواتین اور متعدد کارکنان پولیس حراست میں ہیں۔

ریحانہ ڈار کے بعد راولپنڈی تھانہ بنی کی پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شہریار ریاض کو بھی گرفتارکر تھانے منتقل کردیا۔

کراچی میں پی ٹی آئی کی ریلی جمال صدیقی پولیس حراست میں

کراچی میں بھی پی آئی بی کالونی پولیس نے پی ٹی آئی کو احتجاج سے روک دیا اور پی ٹی آئی رہنما جمال صدیقی کو حراست میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق کراچی پولیس نے مجموعی طور پر دو افراد کو حراست میں لیا جبکہ خواتین کو بھی گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی، پولیس نے خواتین کو منتشر کرا دیا۔

راولپنڈی پی ٹی آئی رہنما سیمابیہ طاہر گرفتار

راولپنڈی میں پی ٹی آئی رہنما سیمابیہ طاہر کو گرفتار کر لیا گیا، پی ٹی آئی رہنما سیمابیہ طاہر کو راول روڈ سے دیگر خواتین کو وویمن تھانے منتقل کردیا گیا۔

بیرسٹر گوہر کی گرفتاری کی کوشش

اسلام آباد پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹو گوہر کو بھی گرفتار کرنے کی کوشش کی، اس کوشش میں پولیس نے انہیں گریبان سے پکڑ کر گھسیٹا لیکن پی ٹی آئی کارکنان نے انہیں چھڑوا لیا۔

تحریک انصاف کے زیر اہتمام 9 مئی کے سلسلے میں جی نائن مرکز میں ریلی نکالی گئی، پولیس کے روکنے پر پارٹی کارکنوں نے مزاحمت کی جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا،پولیس کا پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کو بھی گرفتار کرنے کی کوشش تاہم کارکنوں نے حصار بناکر انہیں گرفتاری سے بچا لیا۔جس کے بعد وہ گاڑی میں بیٹھ کراچی کمپنی سے روانہ ہوگئے۔

اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن کراچی کمپنی میں پی ٹی آئی نے9 مئی کی مناسبت سے ریلی نکالی جس کی قیادت بیرسٹر گوہر، عامر مغل اور شعیب شاہین نے کی تھی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم 9 مئی کے حوالے سے پورے پاکستان میں پر امن ریلیاں نکال رہے ہیں، لوگ پر امن انداز میں نکل رہے ہیں جتنی مرضی یہ گرفتاریاں کریں لوگ سڑکوں پر پر امن انداز میں نکلیں گے۔

ان کا کہناتھا کہ عمران خان اور تمام قیادت نے 9 مئی کی مذمت کی ہے 11 مئی اور 18 مئی کوبھی عمران خان نے مذمت کی تھی، 6 مارچ کو ہونے والی کور کمانڈر کانفرنس کے موقف کی تائید بھی کی۔ اس کے باوجود ہر جگہ سے سننے میں آ رہا ہے کہ ریلیوں سے غیرآئینی طریقے سے گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ شیر افضل مروت کے بارے میں جو بھی عمران خان کا فیصلہ ہو وہ حتمی ہے، لیکن اگر عمر ایوب نے بیان دیا ہے تو وہ حتمی فیصلہ ہی ہو گا، پارٹی کی پالیسی کے خلاف تو کسی کو بھی جانے کی اجازت نہیں ہے، یہ بانی پی ٹی آئی کی جماعت ہے، سب کو ڈسپلن برقرار رکھنا ہو گا۔

ملاکنڈ میں تحریک انصاف کا بٹ خیلہ اوردرگئی میں ریلیاں

ملاکنڈ میں تحریک انصاف کا بٹ خیلہ اوردرگئی میں ریلیاں نکالی گئی۔ ریلی نیواڈہ سے شروع ہو کر ملاکنڈ پریس کلب پر ختم ہوئی، کارکنوں نے عمران خان کی رہائی کامطالبہ کر دیا کہا کہ 9 مئی کو عمران خان کے خلاف سازش کی گئی

پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے

پولیس نے آج 9 مئی کو ممکنہ احتجاج کے پیش نظر پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے بھی مارے، تاہم اس وقت کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔

پی ٹی آئی رہنما میاں عمران حیات کے گھر پر راولپنڈی پولیس نے چھاپا مارا، تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھے، جس کے بعد پولیس واپس روانہ ہو گئی۔

دریں اثنا پی ٹی آئی رہنما نعیم حیدر پنجوتھا کے گھر پر پولیس نے چھاپا مارا ، تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔

نعیم پنجوتھا نے اپنے بیان میں چھاپے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی پولیس اور ان کے ساتھ سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے میرے گھر پر ریڈ کیا ہے۔ وہاں موجود فیصل اور علی عباس کے ساتھ بد تمیزی کی، انہیں تھپڑ مارے اور پوچھتے رہے کہ نعیم حیدر پنجوتھا کدھر ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اسلام آباد موجود ہوں، میرا نمبر بھی آن ہے آجائیں ویلکم گرفتار کر لیں مجھے۔ آپ کی بھول ہے کہ ان اوچھے ہتھکنڈوں سے آپ ہمیں ڈرا لیں گے۔ ہمارا قصور ہے کہ ہم ملک کے اندر قانون کی بالادستی کے لیے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما عامر مغل کی جھنگی سیداں والی رہائشگاہ پر پولیس نے چھاپا مارا، تاہم عامر مغل وہاں موجود نہیں تھے۔

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Rehana Dar

Sialkot Police