Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

9 مئی کے منصوبہ ساز اور سہولت کاروں کو قانون کی دھجیاں اڑانے کی اجازت نہیں دینگے، آئی ایس پی آر

مسلح افواج نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئےسازش کو ناکام بنایا، اعلامیہ
اپ ڈیٹ 09 مئ 2024 01:16pm

**پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے 9 مئی 2023 کے ایک سال مکمل ہونے پر مذمتی بیان جاری کیا ہے جس کہا گیا کہ ساںحہ کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، اوران کو قانون کی دھجیاں اڑانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پاک فوج نے نومئی کےواقعات کوملک میں خود ساختہ اور تنگ نظر انقلاب لانے کی ناکام کوشش قراردے دیا۔ آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کے حوالے سے کہا گیا کہ انہوں نے سانحہ 9 مئی پر ہونے والی مجرمانہ کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ شرپسندوں نے بغاوت کی اورریاستی اداروں کےخلاف تشدد کا سہارا لیا اور ان کا مقصد شرپسند عناصرکا بنیادی مقصد پاکستان کوغیرمستحکم کرنا تھا۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیہ میں عوام کو مخاطب کرکے کہا گیا کہ آئیے! آج پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور اپنے پیارے ملک کی خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نومئی کو سیاسی طور پر متحرک برین واشڈ شرپسندوں نے ایک بغاوت کی، جان بوجھ کر ریاستی اداروں کے خلاف تشدد کا سہارا لیا گیا ان شرپسندعناصر نے ریاست کی مقدس علامتوں اورقومی ورثے سے تعلق رکھنے والے مقامات کی توڑپھوڑکی۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ ”ان شر پسند عناصر کا بنیادی مقصد افراتفری پھیلا کرعوام اورمسلح افواج کے درمیان تصادم کوہوا دے کرملک کو غیر مستحکم کرنا تھا، قومی ہم آہنگی اوراستحکام کونقصان پہنچانے میں ناکام ہونے کے بعد اس سازش کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اورکرنے والوں نےمسلح افواج اورریاست کیخلاف نفرت کی ایک مذموم مہم شروع کی، مسلح افواج نےانتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا اورتخریب کاروں اور ان ،سرغنوں کے ساتھ ساتھ منصوبہ سازوں کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنا دیا“۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان شرپسند عناصر نے بیانیہ کو توڑمروڑکرشرمناک طریقے سے خود کوبری الذمہ قراردینے اورالزام ریاستی اداروں پرڈالنے کی بھی کوشش کی، سانحہ نومئی کے اصل مجرموں کوانصاف کے کٹہرے میں لانا اس بات کویقینی بنانا ہے کہ مستقبل میں کوئی بھی قومی ہیروزکی یادوں اورقومی اتحاد کی علامتوں کو اسی طرح کے غلط طرز عمل کے ذریعے بے حرمتی کرنے کی جرات نہ کرے۔