Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

جو جمہوریت سے واقف نہیں وہ جمہوریت کا درس دے رہے ہیں، عارف علوی

جو ظلم کرے وہ معافی مانگے، یہی مسئلے کا حل ہے، عارف علوی
شائع 08 مئ 2024 11:48pm

سابق صدر عارف علوی کا کہنا ہے کہ سیاست میں جھگڑوں کو ختم ہونا چاہیے، فوج سمیت تمام ادارے ہمارے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو جمہوریت سے واقف نہیں وہ جمہوریت کا درس دے رہے ہیں، نو مئی کے واقعات کے ثبوت ہیں تو سامنے لانے چاہئیں۔

پنجاب اسمبلی کے احاطے میں سابق صدر عارف علوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کی تحقیقات ہونی چاہیے اور ملزمان کو سزا ملنی چاہیے، جو ظلم کرے وہ معافی مانگے، معافی ہی مسئلے کا حل ہے۔

سابق صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ جو جمہوریت سے واقف نہیں وہ درس دے رہے ہیں، دنیا میں کسی نظام میں یک طرفہ فیصلے کا قانون نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرکسی کے پاس ثبوت ہے عدالتوں میں رکھا جائے، جب صدر تھا خان صاحب کہتے رہے بات چیت ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے پہلے بھی رابطہ تھا، ججز نے خط لکھے ہیں، عدلیہ میں انصاف ہونا چاہیے۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ جس کے پاس اختیار ہے وہ مذاکرات کریں، یہ مصنوعی حکومت ہے مجھے اور ساتھیوں کو نہیں لگتا مدت پوری ہو۔

عارف علوی نے کہا کہ اپنے اپوزیشن لیڈر سے حالات معلوم کرنے آیا تھا، افسوس ہوتا ہے کہ پارلیمنٹ کو کس طرح فارم 47 کے ذریعے بنایا گیا۔

سابق صدر نے کہا کہ ججز کو میرٹ پر لگنا چاہیے، عدلیہ اور میڈیا کی آزادی بھی ضروری ہے، مزید کہا کہ سیاست میں جھگڑوں کو ختم ہونا چاہیے۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ اس وقت ٹیلی ویژن دیکھنے والوں کی تعداد کم ہو گئی ہے، سوشل میڈیا پرجھوٹ خبروں کا کہتے ہیں مگر غزہ کا ہمیں سوشل میڈیا کے ذریعے پتا چلا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستانی ہیں، فوج ہماری تمام ادارے ہمارے ہیں۔

عارف علوی نے کہا کہ اگر رزلٹ بیلٹ پر نہیں ملے گا تو پھر کوئی اور راستہ اختیار نہ کر لے، عمران خان ہمیشہ کہتے ہیں کہ پُرامن احتجاج ہو اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل ہوں۔

اس سے قبل سابق صدرِ پاکستان عارف علوی لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت پہنچے تھے۔

عارف علوی نے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری سے ملاقات کی تھی۔

یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو لوگوں نے تحریک انصاف کو ووٹ دیا۔

سابق صدر عارف علوی نے کہا کہ آپ سب لوگ پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، آپ لوگ دہشت گردی کے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، آپ کی ہمت کو سلام ہے۔

عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان کا سب سے پاپولر لیڈر ہیں۔

Arif Alvi

9 May