Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سعودی سرمایہ کار ایس آئی ایف سی کے ذریعے سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، وزیر اعظم

حکومت پاکستان سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹیں دور کرے گی، شہباز شریف
شائع 06 مئ 2024 10:37pm

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے سرمایہ کار خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ذریعے سرمایہ کاری سے بہترین فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس میں سعودی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں وفاقی وزرا اور پاکستان کی کاروباری برادری نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ رمضان کے آخری ہفتے میں دوسری بار سعودی عرب میں ولی عہد سے ملاقات ہوئی، سعودی عرب کی معیشت بہت تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک میں شامل ہے، زراعت، آئی ٹی، ٹیکنالوجی سمیت کئی شعبوں میں سعودی عرب ترقی کر رہا ہے۔

سعودی تجارتی وفد کی پاکستان آمد کے بعد اسٹاک ایکس چینج میں تیزی

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ملازمت کے مواقع کے لیے اہم ممالک میں شامل ہے، آج سعودی سرمایہ کار، پالیسی سازوں کا وفد پاکستان آیا ہوا ہے، سعودی عرب پاکستان کا 7 دہائیوں سے ساتھ دے رہا ہے اور اس نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کار خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے سرمایہ کاری سے بہترین فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جبکہ حکومت پاکستان سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹیں دور کرے گی۔

PM Shehbaz Sharif

Saudi investment in Pakistan

Saudi delegation