Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

اسرائیل نے رفح پر حملہ شروع کردیا، 8 بچوں سمیت 26 فلسطینی شہید

اسرائیل نے رفح کے مختلف علاقوں میں 11 گھروں کو نشانہ بنایا
شائع 06 مئ 2024 05:39pm

اسرائیلی فوج نے انخلا کے احکامات جاری کرنے کے بعد رفح شہر کے مشرقی علاقوں کے جوار میں فضائی حملے شروع کردئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق ان فضائی حملوں میں 8 بچوں سمیت 26 فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

اسپتال ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق اسرائیلی فوج نے گزشتہ رات سے رفح کے مختلف علاقوں میں فضائی حملوں میں 11 گھروں کو نشانہ بنایا۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع رفح کے مشرق میں بعض محلوں کو خالی کرانے کے احکامات کے بعد صبح کے وقت علاقے میں مقیم فلسطینیوں نے علاقہ چھوڑنا شروع کردیا تھا۔

اسرائیلی وزیراعظم نے جنگ بندی کی ڈیل مسترد کردی

بارش کے موسم کے باوجود سینکڑوں فلسطینی، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، تھیلوں اور بیگوں میں مختصر سامان کے ساتھ سڑکوں پر نکل آئے۔

جن کے پاس گاڑیاں تھیں وہ اپنی گاڑیوں کے ساتھ دوسرے علاقوں کو چلے گئے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر عربی میں جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج رفح میں بھرپور کارروائی کرے گی اور جو بھی اس علاقے میں ہے وہ اپنی جان کو خطرے میں ڈالے گا۔

امریکی جامعات سے 2 ہزار فلسطینی حامی مظاہرین گرفتار، ہم آمرانہ قوم نہیں، بائیڈن

ایک فوجی ترجمان نے کہا کہ اسرائیل رفح میں ایک ’محدود کارروائی‘ کی تیاری کر رہا ہے اور اس ضمن میں ایک لاکھ سے زائد لوگوں کو علاقہ خالی کرنے کا کہا جا رہا ہے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق مشرقی رفح سے لوگ خان یونس کے علاقے میں قائم شیلٹرز میں جا سکتے ہیں۔

Israel Begins Attack on Rafah