Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ماں نے کم سن بیٹے کو مگرمچھوں سے بھرے تالاب میں پھینک دیا

بھارتی ریاست کرناٹک کی ساوتری کا شوہر سے جھگڑا ہوا تھا، کوشش کے باوجود بچے کو بچایا نہ جاسکا
شائع 06 مئ 2024 01:05pm

بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک عورت نے اپنے 6 سالہ بیٹے کو مگر مچھوں سے بھرے ہوئے تالاب میں پھینک دیا۔ کوششوں کے باوجود بچے کو بچایا نہ جاسکا۔

ساوتری کا اپنے شوہر سے جھگڑا ہوا تھا۔ اُس نے مشتعل ہوکر بیٹے کو اُس تالاب میں پھینک دیا جو مگر مچھوں سے بھرے ہوئے دریائے کالی سے متصل ہے۔

اُترا کنڑا پولیس نے 32 سالہ ساوتری کو گرفتار کرلیا۔ بچے کی لاش اگلی صبح اس حالت میں ملی کہ مگر مچھوں نے اُسے جزوی طور پر کھالیا تھا۔

ہالاماڑی گاؤں کا یہ واقعہ ہفتے کی رات نو بجے کا ہے۔ 6 سالہ ونود قوتِ گویائی و سماعت کے حوالے سے جزوی معذور تھا۔ ساوتری اور اس کے شوہر 36 سالہ روی کمار میں بچے کی معذوری کے حوالے سے اکثر جھگڑا ہوتا رہتا تھا۔

پولیس اور فائر بریگیڈ کے اہلکار رات کی تاریکی میں بچے کا سراغ لگانے میں ناکام رہے تھے۔ اتوار کی صبح سرچ ٹیم نے ایک مگر مچھ کے جبڑوں سے بچے کی لاش چھڑائی۔

روی کمار مستری ہے جبکہ ساوتری گھروں میں کام کرتی ہے۔ پولیس نے دونوں کو عدالت میں پیش کرکے 14 دن کا ریمانڈ حاصل کرلیا۔ میڈیا سے گفتگو میں ساوتری نے شوہر پر ذہنی اذیت دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے بیٹے کی موت کے لیے اُسے ذمہ دار قرار دیا۔ ساوتری کا کہنا تھا کہ روی کمار کہتا تھا بیٹا صرف کھاسکتا ہے، اور کچھ تو کر نہیں سکتا۔ اُس کے جینے کا کچھ فائدہ نہیں، اُسے مر جانے دو۔ میں کہتی تھی جیسے بھی جی رہا ہے جینے دو۔ یہ سب کچھ بچے کے لیے بھی بہت اذیت ناک تھا۔

BOY THROWN IN RIVER

EATEN BY CROCODILE

SPECIAL BOY