Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

مخصوص نشستوں کے کیس میں سنی اتحاد کونسل کو بڑا ریلیف: الیکشن کمیشن، پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل

آئینی تشریح کا معاملہ ہونے کے ناطے لارجر بنچ کی تشکیل کیلئے معاملہ ججز کمیٹی کو بھیجا جاتا ہے، حکمنامہ
اپ ڈیٹ 06 مئ 2024 07:47pm

سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی جانب سے مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو دینے سے متعلق کیس میں پشاور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کردیا۔

جسٹس منصورعلی شاہ نے ریمارکس دیے کہ سیاسی جماعتیں اپنے تناسب سے تو نشستیں لے سکتی ہیں باقی نشستیں انہیں کیسے مل سکتی ہیں؟ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ جو کام ڈائر یکٹ نہیں کیا جاسکتا وہ ان ڈائریکٹ بھی نہیں ہوسکتا۔**

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ معطلی کا حکم مخصوص نشستوں کی حد تک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کیس کو سماعت کیلئے منظور کررہے ہیں، ہم الیکشن کمیشن اور پشاورہاٸی کورٹ کے فیصلے کو معطل کر رہے ہیں۔

دوران سماعت جسٹس منصور شاہ نے کہا کہ دوسری جماعتوں کو کس قانون کے تحت سیٹیں دی گئیں؟

جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اپنے تناسب سے تو نشستیں لے سکتی ہیں باقی نشستیں انہیں کیسے مل سکتی ہیں؟ کیا باقی بچی ہوئی نشستیں بھی انہیں دی جاسکتی ہیں؟ قانون میں ایسا کچھ ہے؟ اگر قانون میں ایسا نہیں تو پھر کیا ایسا کرنا آئینی اسکیم کے خلاف نہیں؟

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے متضاد موقف کیسے قائم کیا۔ جو کام ڈائر یکٹ نہیں کیا جاسکتا وہ ان ڈائریکٹ بھی نہیں ہوسکتا، ایک سیاسی جماعت کے مینڈیٹ کو ان ڈائریکٹ طریقے سے نظر انداز کرنا کیا درست ہے؟

اس سے قبل مخصوص نشستوں کے کیس میں درخواستوں کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل اور الیکشن کمیشن کے حکام سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔

جسٹس منصور علی شاہ بولے ایک سوال ہے ’کیا بانٹی گئی نشستیں دوبارہ بانٹی جاسکتی ہیں، دوسرا یہ کہ مخصوص نشستیں اس لیے بانٹی گئی کہ ہاؤس پورا ہو، اس میں کہاں غلطی ہے؟

جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ اگر مزید کچھ سیٹیں بچ جائیں تو ان کا کیا کرنا ہے۔ بغیر معقول وجہ بتائے مخصوص نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں میں بانٹی گئیں۔

وکیل الیکشن کمیشن نے بتایا کہ سیاسی جماعت کا مطلب ہوتا ہے وہ جماعت جو انتخابی نشان پر الیکشن لڑے، پارٹی کو رجسٹرڈ ہونا چاہیے۔

سماعت کا حکمنامہ جاری

سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ ملنے کے خلاف کیس میں آج کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔

حکمنامے کے مطابق سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے اٹارنی جنرل اور صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹسز جاری کردیے ہیں۔

حکمنامے میں کہا گیا کہ سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی حد تک فیصلے معطل کیے جاتے ہیں۔

حکمنامے کے مطابق وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل نے انتخابات میں حصہ نہیں لیا، جبکہ الیکشن کمیشن کے مطابق مخصوص نشستوں کیلئے کم ازکم ایک سیٹ پر الیکشن جیتنا لازمی ہے، اٹارنی جنرل نے الیکشن کمیشن کے وکیل کے دلائل سے اتفاق کیا۔

حکمنامے میں کہا گیا کہ آئینی تشریح کا معاملہ ہونے کے ناطے لارجر بنچ کی تشکیل کیلئے معاملہ ججز کمیٹی کو بھیجا جاتا ہے، کیس کی آئندہ سماعت 3 جون کو ہوگی۔

Supreme Court of Pakistan

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Sunni Ittehad Council

women reserved seats