Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سعودی سرمایہ کاری کانفرنس: سعودی عرب پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے موزوں سمجھتا ہے، سعودی نائب وزیر

بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں، وزیرخزانہ کا پاک سعودی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب
اپ ڈیٹ 06 مئ 2024 11:44am

اسلام آباد میں پاک سعودی سرمایہ کاری کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب میں سعودی نائب وزیر سرمایہ کاری ابراہیم بن یوسف المبارک نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئےموزوں سمجھتا ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں، ہمیں مل کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

پاک سعودی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب میں ابراہیم بن یوسف المبارک نے کہا کہ بڑی تعداد میں پاکستانی سعودی عرب کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں۔

سعودی نائب وزیر نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط دیکھنا چاہتا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ بہترین معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں استحکام پیدا ہو رہا ہے، پچھلے10ماہ سے پاکستان کی کرنسی میں استحکام آیا ہے، جب کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ توانائی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، معاشی اصلاحات ہمارا ایجنڈا ہے، بیرونی سرمایہ کاری کےفروغ کیلئےکوشاں ہیں، معاشی استحکام کیلئے پالیسیوں میں تسلسل ضروری ہے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر مصدق ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ باہمی تعلقات کو مزید سود مند، مضبوط بنانے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ سعودی عرب نے حالیہ برسوں میں تیزی سے ترقی کی ہے، پاکستان کے پاس ہنر مند افرادی قوت کی کوئی کمی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہنر مند، ماہر افراد سعودی عرب کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں۔

پاک سعودی سرمایہ کاری کانفرنس کے موقع پر وزرا کی پریس بریفنگ

اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، مصدق ملک اور جام کمال نے نیوز کانفرنس کی۔ اس موقع پر مصدق ملک نے کہا کہ سعودی تجارتی وفد پاکستان کے اہم دورے پر ہے، پاکستان اور سعودیہ کے مابین گزشتہ چند ہفتوں میں اہم تجارتی دورے اور گفتگو ہوئی۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان سعودی وژن 2030 کیلئے بھی کردار ادا کرے گا، سعودی سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، سعودی کمپنیز کے ساتھ ایک ایک کوآرڈینیٹرمنسلک کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں رہنا ہے، سعودی کمپنیوں کےدورے سےروزگار کےمواقع ملیں گے، ملک کےمختلف حصوں میں چھوٹے اور بڑے کاروبار کا جال بچھے گا، پہلے حکومت سے حکومت کےدرمیان معاہدے ہوئے، اب بزنس سے بزنس کے معاہدے ہوں گے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب سے 50 افراد پر مشتمل اعلیٰ سطح کا تجارتی وفد گزشتہ شب پاکستان پہنچا ہے، دورے کے دوران پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا امکان ہے۔

Saudi investment in Pakistan

Special Investment Facilitation Council (SIFC)

Saudi delegation