Aaj News

ہفتہ, نومبر 16, 2024  
13 Jumada Al-Awwal 1446  

غزہ احتجاج، انتہا پسند ہندوؤں کا مطالبہ ماننے سے امریکی یونیورسٹی کا انکار

ہندو تنظیموں نے رٹگرز یونیوسٹی انتظامیہ سے کہا تھا احتجاجی طلبہ کو آزاد کشمیر کا پرچم لہرانے سے روکا جائے
شائع 04 مئ 2024 03:31pm

نیو جرسی کی رٹگرز یونیورسٹی نے بھارتی کمیونٹی کی سرکردہ تنظیموں کا یہ مطالبہ مسترد کردیا ہے کہ غزہ کے حوالے سے احتجاج اور مظاہروں کے دوران طلبہ کو آزاد و متحدہ کشمیر کا پرچم لہرانے سے روکا جائے۔

انڈیا ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکا کی بہت سی جامعات میں معاملات خطرناک شکل اختیار کر رہے ہیں کیونکہ بھارتی کمیونٹی سے متعلق تنظیمیں غزہ کی صورتِ حال کے پیشِ ںظر اسرائیل کے خلاف مظاہروں کی راہ میں دیواریں کھڑی کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف احتجاج میں سفید فام امریکی بھی نمایاں ہیں اور بہت سی جامعات میں یہودی طلبہ بھی اہلِ غزہ سے اظہارِ یکجہتی کرتے دکھائی دیے ہیں۔

بھارتی کمیونٹی کی تنظیموں نے نیو جرسی کی رٹگرز یونیورسٹی کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا تھا کہ احتجاج کے دوران آزاد کشمیر کا پرچم نہ لہرانے دیا جائے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے ایسا کوئی بھی حکم جاری کرنے سے معذرت کرلی ۔

دی ہندو امریکن فاؤنڈیشن کے سہاگ شکلا نے رٹگرز یونیورسٹی کی انتظامیہ کے فیصلے کو احتجاج کرنے والوں کے سامنے ہتھیار ڈالنے سے تعبیر کیا ہے۔ اپنی ایک ایکس پوسٹ میں انہوں نے تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ واضح رہے کہ امریکا میں متعدد جامعات کی انتظامیہ نے طلبہ کو اس بات کی اجازت دی ہے کہ مقبوضہ علاقوں کے پرچم لہرائیں۔ مقبوضہ علاقوں میں فلسطین کے علاوہ کردستان اور جموں و کشمیر بھی شامل ہیں۔

new jersey

RUTGERS UNIVERSITY

HINDU DEMANDS TURNED DOWN

FLAGS OF JAMMU AND KASHMIR