Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

بیوی پر تیزاب پھینکنے کے ایک اور مقدمے میں ملزم کو 14 برس قید

دونوں مقدمات کے فیصلے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (ایسٹ) محمد الیاس میمن نے سنائے۔
شائع 04 مئ 2024 01:53pm

کراچی کی عدالت نے ایک ماہ کے دوران بیوی پر تیزاب پھینکنے کے مختلف مقدمات میں ملزمان میں 14-14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق عدالت کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (ایسٹ) محمد الیاس میمن نے کوثر عباس کو اپنی بیوی صائمہ پر تیزاب پھینکنے کے جرم میں مجرم قرار دیا۔

عدالت نے 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ یہ رقم شکایت کنندہ کو معاوضے کی مد میں دی جائے بصورت دیگر مجرم کو مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔

سرکاری وکیل کبریٰ سید کے مطابق شکایت کنندہ صائمہ نے ہسپتال میں ریکارڈ کرائے گئے اپنے بیان میں بتایا کہ اس کا شوہر نشہ کا عادی تھا اور اکثر اس سے منشیات خریدنے کے لیے پیسے مانگتا تھا۔

اس کے رویے کی وجہ سے وہ ان کا گھر چھوڑ کر اپنے بھائی کے پاس رہنے لگی۔ 19 مارچ 2021 کو اس کا شوہر گھر آیا اور منشیات خریدنے کے لیے مزید رقم کا مطالبہ کیا۔ تاہم جب شکایت کنندہ نے انکار کیا تو اس نے اسے دھمکی دی اور اس پر تیزاب کی بوتل پھینک دی جس سے وہ جھلس کر زخمی ہوگئی۔

اس سے قبل 4 اپریل کو کراچی کی اسی سیشن عدالت نے بیوی پر تیزاب پھینکنے والے شخص کو 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔

جج محمد الیاس میمن نے کوثر عباس کو اپنی بیوی صائمہ پر تیزاب پھینکنے کے جرم میں مجرم قرار دیا تھا جس کا جسم 31 فیصد جھلس گیا تھا۔