Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

خضدار میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے گاڑی تباہ، سینئر صحافی سمیت 3 جاں بحق

جاں بحق ہونے والوں میں صدیق مینگل خضدار پریس کلب کے صدر سمیت دو سگے بھائی بھی ہیں
اپ ڈیٹ 03 مئ 2024 06:43pm

بلوچستان کے ضلع خضدار میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے گاڑی تباہ ہوگئی۔ دھماکے میں خضدار پریس کلب کے صدر مولانا صدیق مینگل سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

دھماکے میں 7 افراد زخمی ہونےکی اطلاعات بھی ہیں۔ حملہ اس وقت ہوا جب مولانا محمد صدیق مینگل گھر سے نکل کر خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی جامعہ مسجد میں نمازجمعہ پڑھانے جارہے تھے.

آغا سلطان ابراہیم روڈ کی جانب گاڑی موڑتے ہی ان پر بم حملہ کیا گیا۔ جس کے نتیجے میں مولانا محمد صدیق مینگل کی گاڑی دھماکے کی زد میں آگئی اور تباہ ہوگئی۔

بعدازاں زخمیوں میں سے 2 افراد نے دم توڑ دیا جو سگے بھائی تھے۔ یاد رہے کہ 2023 میں مولانا محمد صدیق مینگل پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا تاہم اس حملے میں وہ محفوظ رہے تھے جبکہ آج کا واقعہ جان لیوا ثابت ہوا۔

خضدار پریس کلب کا یہ تیسرا صدر ہے جسے نشانہ بنایا گیا جب کہ مجموعی طور پر 2009 سے اب تک خضدار پریس کلب کے 10 ارکان جاں بحق ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ سینئر صحافی کے گاڑی کو اس دن نشانہ بنایا گیا جب صحافتی برادری آزادی صحافت کا عالمی دن منا رہی ہے۔

بلوچستان

quetta

khuzdar

khuzdar blast