Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

میں اقرار کی تیسری شادی سے لاعلم تھی، فرح اقرار نے کہہ ڈالا

دوسری اہلیہ کا اقرار کی تیسری شادی اور پہلی بیوی سے تعلقات پر اظہار خیال
اپ ڈیٹ 30 اپريل 2024 04:44pm

فرح اقرار ایک مشہور اور باصلاحیت پاکستانی ٹیلی ویژن میزبان اور سابق نیوز اینکر ہیں۔ انہوں نے کئی مشہور نیوز اور انٹرٹینمنٹ چینلز میں بطور میزبان کام کیا ہے۔

فرح اقرار، مشہور اینکر اقرارالحسن کی دوسری اہلیہ ہیں۔ اس وقت وہ لاہور میں مقیم ہیں اور کامیابی کے ساتھ اپنا یوٹیوب چینل چلا رہی ہیں۔ وہ اپنے یوٹیوب اکاؤنٹ پر روزانہ وی لاگ پوسٹ کرتی ہیں۔

حال ہی میں فرح اقرار یوٹیوب پر“تھنک ڈیجیٹل پوڈ کاسٹ“ میں نظر آئی ہیں جس میں انہوں نے قرۃ العین اقرار کے ساتھ تعلقات کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔

فرح اقرار نے عروسہ خان کے ساتھ اقرار الحسن کی تیسری شادی پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اقرار الحسن کی پہلی اہلیہ قرۃ العین اقرار کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے فرح اقرار نے کہا کہ ہمارے درمیان بہت اچھے تعلقات ہیں۔ ظاہر ہے کہ مجھے اقرار الحسن کی پہلی شادی اور ان کے بیٹے پہلاج کے بارے میں معلوم تھا۔ یہ سب باہمی رضامندی سے ہوا تھا۔

فرح کا مزید کہنا تھا کہ وہ اب تک اقرار الحسن کے ساتھ اپنی شادی پر قرۃ العین کے رد عمل سے آگاہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے جذبات کے بارے میں صرف قرۃ العین ہی بتا سکتی ہیں۔ ہم ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور احترام کے ساتھ ملتے ہیں۔ اگرچہ ہم کافی عرصے سے نہیں ملے ہیں، لیکن ہمارے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔

قرۃ العین اقرار کے ساتھ رہنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ، الگ رہنا زیادہ مناسب ہے، کیونکہ آپ بہت سے جھگڑوں اور پیچیدگیوں سے بچتے ہیں اور ہر کوئی مختلف طرز زندگی گزارتا ہے۔

اقرار الحسن کی تیسری شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ، مجھ سے ان کی تیسری شادی کے بارے میں پوچھا گیا تھا۔ لیکن اس وقت مجھے بھی اس کے بارے میں علم نہیں تھا۔ لیکن اب اقرار نے خود اس بارے میں معلومات شیئر کی ہیں، اب ہمارے خاندان میں ایک اور رکن کا اضافہ ہوگیا ہے۔ اقرار الحسن کے لیے تین خاندان کا ہونا ایک مسئلہ ہو گا، ہمیں نہیں۔

فرح نے مزید کہا کہ، اس کے علاوہ اب مردوں (متعدد شادیاں کرنے) کے بارے میں میری سوچ بدل گئی ہے، اس لیے نہیں کہ میں دوسری بیوی ہوں، بلکہ ترجمہ کے ساتھ قرآن پڑھنے کے بعد میں نے اپنے خیالات تبدیل کیے، میں اب ایک مختلف ہوں، مجھے ان کی تیسری شادی کے فیصلے کے بارے میں کوئی منفی خیالات اور افسوس نہیں ہے۔

سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ، اکثر لوگ تبصرہ کرتے ہیں کہ میں بہت اداس ہوں، وہ اسے اقرار الحسن کی تیسری شادی سے جوڑتے ہیں۔ لیکن ایسا نہیں ہے۔ میں اپنی زندگی میں بہت خوش اور مطمئن ہوں۔ میں نے اللہ کے فضل و کرم سے اپنی زندگی میں بہت زیادہ اطمینان حاصل کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے اور اقرار الحسن کے درمیان چیزیں ایک جیسی ہیں۔ وہ سب کو ایک ہی طرح وقت دیتا ہے۔

lifestyle

Pakistani celebrity