Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

میں نے ”نمستے“ کی طاقت پنجاب کے لوگوں سے سیکھی، کپل شو میں عامرخان کا خیال

میں مسلمان ہوں، لیکن پنجاب میں نمستے ایک پیار بھرا جذبہ ہے، عامر خان
شائع 30 اپريل 2024 09:22am

عامر خان نے پنجاب کے لوگوں کی عاجزی کو یاد کرتے ہوئے کپل کو بتایا کہ اسی وقت انہوں نے ’نمستے کی طاقت‘ سیکھی تھی۔

بالی ووڈ اداکار عامر خان نے پہلی بار نیٹ فلکس کے ”دی گریٹ انڈین کپل شو“ کی تازہ ترین قسط میں شرکت کی۔ شو میں عامر نے اپنے کیریئر کے واقعات کے بارے میں بات کی۔

دوران گفتگو انہوں نے 2016 میں پنجاب میں اپنے تجربے کو شیئر کیا، جب وہ فلم ”دنگل“ کی شوٹنگ کر رہے تھے۔

عامر خان کے مطابق پنجابی ثقافت محبت سے بھری ہوئی ہے۔ انہوں نے پنجاب کے لوگوں کی عاجزی کو یاد کرتے ہوئے کپل کو بتایا کہ اس وقت انہوں نے ”نمستے کی طاقت“ سیکھی تھی۔

عامر خان نے پنجاب سے تعلق رکھنے والی ایک کہانی شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ“رنگ دے بسنتی“ کی شوٹنگ کے لیے پنجاب میں تھے۔ اورانہیں وہاں کام کرنا بہت اچھا لگا۔ وہاں کے لوگوں میں محبت کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگلی بار جب وہ دنگل کی شوٹنگ کے لئے پنجاب گئے تو وہ پنجاب کا ایک چھوٹا سا گاؤں تھا۔

عامر نے بتایا کہ وہاں کے مقامی لوگ صبح سویرے اور پھر پیک اپ کے وقت ان کا استقبال کرنے کے لئے جمع ہوتے تھے۔ تاہم ، بالی ووڈ اداکار کے لئے جو چیز نمایاں تھی، وہ یہ تھی کہ انہوں نے انہیں کبھی پریشان نہیں کیا۔

’’ہم نے اس جگہ اور اس گھر میں دو مہینے سے زیادہ عرصہ تک شوٹنگ کی۔ آپ کو یقین نہیں آئے گا، لیکن جب میں صبح تقریبا پانچ بجے وہاں پہنچتا تھا، جب میری گاڑی اندر آتی تھی، تو لوگ اپنے گھروں کے باہر کھڑے ہو کر صرف ہاتھ جوڑ کر میرا استقبال کرتے تھے۔

وہ صرف میرا استقبال کرنے کے لیے انتظار کرتے تھے۔ انہوں نے مجھے کبھی پریشان نہیں کیا، کبھی میری گاڑی نہیں روکی، کچھ بھی نہیں۔ میرے پیک اپ کے بعد، جب میں واپس آتا، تو وہ پھر سے اپنے گھروں کے باہر کھڑے ہوتے اور مجھے ’گڈ نائٹ‘ کے کلمات کہتے۔

بالی وود سپر اسٹار کے نزدیک یہ ایک حیرت انگیز جذبہ تھا۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ مسلم خاندان سے تعلق رکھنے کی وجہ سے وہ ہاتھ جوڑنے اور لوگوں کو نمستے کہنے کے عادی نہیں ہیں۔

’’میرا تعلق ایک مسلم گھرانے سے ہے، مجھے نمستے میں ہاتھ جوڑنے کی عادت نہیں ہے۔ میں اپنا ہاتھ اٹھانے (جس طرح سے مسلمان ایک دوسرے کو سلام کرتے ہیں) اور سر جھکانے کا عادی ہوں۔“

’’پنجاب میں یہ ڈھائی مہینے گزارنے کے بعد، مجھے ”نمستے“ کی طاقت کا اندازہ ہوا۔“ عامرخان نے پنجاب کےلوگوں کی محبت کو یاد کرتے ہوئے کہا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام ہر ایک کا بہت احترام کرتے ہیں اور کسی بنیاد پر تفریق نہیں کرتے۔

Celebrities

Aamir Khan

entertainment

lifestyle

BOLLYWOOD STAR

show bizz