Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پیپلز پارٹی نے سولر پینل پر ٹیکس لگانے کا معاملہ سینیٹ میں اٹھا دیا

لوگوں نے اثاثے بیچ کر سولر پینل لگوائے، پلوشہ خان
شائع 29 اپريل 2024 09:53pm

شہریوں کی جانب سے سولر پینل لگوانے پر ٹیکس لگانے کا معاملہ سینیٹ میں بھی اٹھا دیا گیا، سولر پینل پر ٹیکس کے معاملے پر چلنے والی خبروں پر شیری رحمان نے واضح کیا کہ پاور ڈویژن اس معاملے پر وضاحت دے چکی، پلوشہ خان نے کہا کہ لوگوں نے اثاثے بیچ کر سولر پینل لگوائے۔

سینیٹ اجلاس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی نے سولر پینل لگوانے پر ٹیکس عائد کرنے کا معاملہ سینیٹ میں اٹھایا۔

سولر پر ٹیکس لگانے کی خبروں کے معاملے پیپلزپارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان نے معاملہ ایوان میں اٹھاتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے اپنے اثاثے بیچ کر سولر پینل لگوائے ہیں، خبریں آئیں کہ سولر پینل پر ٹیکس لگایا جارہا ہے، سولرائزیشن پر ٹیکسز لگانے کا اقدام احمقانہ ہوگا۔

شیری رحمان نے کہا کہ پاور منسٹری نے اس حوالے سے وضاحت دی کہ ایسا بالکل نہیں ہے، سولر پینل پر ٹیکس کی خبر وزیراعظم کی کمٹمنٹ کے خلاف ہے، پتہ لگایا جائے کہ یہ خبر کس نے اڑائی۔

پاکستان میں سولر پینل کی اپریل 2024 میں نئی قیمتیں، کیا مزید سستے ہوں گے

واضح رہے کہ اس سے قبل خبریں زیر گردش تھیں کہ سولر پینل لگانے والوں کے لیے حکومت نے ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

خبر میں بتایا گیا تھا کہ 12 کلو واٹ گھریلو یا کمرشل سولر پینل لگانے والوں پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

حکومت نے گھریلو یا کمرشل سولر صارفین پر 2 ہزار روپے فی کلوواٹ ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 12 کلو واٹ کا سولرپینل لگانے والے صارفین سے 24ہزار روپے وصول کیےجائیں گے۔

خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات نہ کروانے کا معاملہ ایوان بالا میں اٹھا دیا

دوسری جانب جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات نہ کروانے کا معاملہ ایوان بالا میں اٹھا دیا، عطاء الرحمان نے سوال اٹھایا یہ ایوان نامکمل ہے کیا خیبرپختونخوا اس ملک کا حصہ نہیں؟

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس ہوا، سینیٹ اجلاس میں منی بل 2024 پر رپورٹ خصوصی کمیٹی کے کنوینئر فاروق ایچ نائیک نے پیش کی۔

قومی اسمبلی نے ٹیکس قوانین ترمیمی بل 2024 منظور کرلیا

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بل پر وضاحت کرتے ہوئے استدعا کی کہ اس معاملے پر ایوان تعاون کرے۔

حکومتی سینیٹر سعدیہ عباسی نے بل پیش کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اپنایا ابھی قائمہ کمیٹیاں نہیں بنی تو خصوصی کمیٹی سے کیسے منظوری لی گئی، ایوان کو بائے پاس نہ کیا جائے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ایوان کو بلڈوزر نہ کیا جائے جبکہ کنونئیر کمیٹی نے منی بل پر تجاویز پیش کردیں۔

اپوزیشن کی مخالفت پر ایوان سے کثرت رائے سے کمیٹی کی رپورٹ منظور کرلی گئی۔

سینیٹ اجلاس میں جےیو آئی کے پارلیمانی لیڈر مولانا عطاء الرحمان نے نقطہ اٹھایا کہ یہ ایوان نامکمل ہے، صوبہ خیبرپختونخوا میں تاحال سینیٹ الیکشن نہیں ہوئے، کیا خیبر پختونخوا اس ملک کا حصہ نہیں؟عوام کو حق رائے دہی سے محروم رکھا جارہا ہے۔

سینیٹ اجلاس میں ایوان بالا میں وزراء کی عدم حاضری پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ایوان میں کوئی وزیر موجود نہیں، وزراء آتے ہیں اپنا ایجنڈا مکمل کرکے چلے جاتے ہیں، وزراء اپنی حاضری کو یقینی بنایا کریں۔

سینیٹ میں 8 پرائیویٹ بلز پیش کیے گئے جس میں سے 6 بلز متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوا دیے گئے جبکہ 2 بلز مؤخر کردیے گئے۔

سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے انسانی سمگلنگ کی ممانعت اور روک تھام ترمیمی بل 2024 واپس لے لیا، بعدازاں سینیٹ اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔

اسلام آباد

PPP

Yousuf Raza Gilani

Sherry Rehman

Senate of Pakistan

Solar panels

Solar Panel Price

Tax On Solar Panel