Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

’عوام کیلئے لاٹھی گولی کی سرکار، سمدھی کیلئے ڈپٹی پرائم منسٹر کا عہدہ بھی نکل آیا‘

شہریار خان آفریدی نے سختی میں طنزیہ مذاکرات کی بات کی، زرتاج گل
شائع 29 اپريل 2024 08:49pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خاتون رہنما زرتاج گل کا کہنا ہے کہ جس سے بھی بات چیت ہوگی وہ صرف خان صاحب (عمران خان) ہی کریں گے، بات چیت کا اختیار صرف خان صاحب کے پاس ہے، چاہے وہ سیاسی جماعتیں سے ہو یا مقتدر حلقوں سے۔

آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے زرتاج گل نے کہا کہ ’خان صاحب کو کوئی بائی پاس نہیں کرسکتا، خان صاحب گو اہیڈ دیں گے، جو وہ مقرر کریں گے وہی بات چیت ہوگی‘۔

انہوں نے کہا کہ شہریار خان آفریدی نے سختی میں طنزیہ یہ بات کہہ دی کہ فوج کی قیادت سے جلد مذاکرات ہوں گے۔ جہاں تک سیاسی جماعتوں سے بات چیت کا تعلق ہے تو ’جس وزیراعظم کی گھڑی میں 26 گھنٹے بجتے ہوں، تو ان سے کس گھنٹے میں بات کریں‘۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم بے اختیار وفاقی حکومت سے نہیں بلکہ صرف آرمی چیف، ڈائریکٹر جنرل انٹر سروس انٹیلی جنس (ڈی جی آئی ایس آئی) اور پاکستان کی فوج کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔

بیک ڈور کسی کے ساتھ مذاکرات نہیں ہو رہے، پی ٹی آئی چیئرمین

انہوں نے کہا تھا کہ یہ (موجودہ حکمران) مذاکرات کرنے کا کہتے ہیں لیکن یہ خود اس کے اہل ہی نہیں ہیں، ہم مذاکرات کریں گے صرف آرمی چیف کے ساتھ، ڈی جی آئی ایس آئی کے ساتھ، پاکستان کی فوج کے ساتھ۔

زرتاج گل نے بھی طنزیہ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’انٹیرئیر منسٹر نے اپنے لیے وزیراعظم رکھا، شہباز شریف صاحب کو پتا ہے کہ میری کوئی خاص حیثیت نہیں ہے، انہوں نے اپنے لیے ایک ڈپٹی پرائم منسٹر رکھ دیا، اب ڈپٹی پرائم منسٹر اپنے لیے ایک اسسٹنٹ پرائم منسٹر رکھ دیں گے‘۔

شہباز حکومت نے 190 ملین پاونڈ کیس سے منسلک 8 افراد کے نام ای سی ایل سے نکال دیئے

انہوں نے کہا کہ اب یہ بتائیں کہ اس میں کس چین سے پاکستان تحریک انصاف نے بات کرنی ہے۔ اگر آپ نے بات چیت کرنی ہے تو پہلے ظلم کے دروازے بند کریں۔

زرتاج گل نے سوال اٹھایا کہ آئین میں ڈپٹی پرائم منسٹر کا عہدہ کونسا ہے؟ آپ نے عہدوں کی بندر بانٹ اپنے ہی خاندان میں کرنی ہے، بیٹی کو دینے ہیں سمدھی کو دینے ہیں تو پاکستان کے 25 کروڑ عوام کا کیا قصور ہے؟ عوام کیلئے آپ کی لاٹھی گولی کی سرکار ہے، اپنے خاندان کیلئے ڈپٹی پرائم منسٹر کا عہدہ بھی نکل آتا ہے۔

Zartaj Gul

Sheheryar Afridi

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Talks with Establishment