Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

چینی خلائی جہاز پاکستان سے سامان لے کر چاند پر جائے گا

بیجنگ کے قطبی منصوبوں نے امریکی خلائی ایجنسی ”ناسا“ کو تشویش میں مبتلا کر دیا
شائع 29 اپريل 2024 06:45pm

چین آئندہ دنوں میں ایک روبوٹک خلائی جہاز چاند پر بھیجنے والو ہے جو پاکستان سمیت مختلف ممالک کے پے لوڈز چاند پر پہنچائے گا، یہ مشن چینی عملے کی چاند پر لینڈنگ اور قمری جنوبی قطب پر بیس بنانے کی راہ ہموار کرے گا۔

چین نے2007 میں اپنا پہلا مشن ”چانگ ای“ روانہ کیا تھا، یہ نام چاند کی چینی افسانوی دیوی کے نام پر رکھا گیا ہے، چین امریکہ اور روس کے ساتھ تکنیکی پیچیدگیوں کو کم کرتے ہوئے، چاند پر ریسرچ میں بہت آگے بڑھ چکا ہے۔

2020 میں، چین نے چار دہائیوں سے زائد عرصے میں پہلی بار چانس کے قریب سے نمونے حاصل کئے، اور اب پہلی بار اس بات کی تصدیق کی کہ وہ چاند کی سطح سے زمین پر بغیر عملے کے خلائی جہاز کو بحفاظت واپس لاسکتا ہے۔

اس ہفتے، چین سے توقع ہے کہ وہ 2020 کے مشن کا بیک اپ خلائی جہاز استعمال کرتے ہوئے چانگ ای سکس مشن لانچ کرے گا، اور چاند کی اس سائیڈ سے مٹی اور چٹانیں جمع کرے گا جو مستقل طور پر زمین سے دور ہے۔

چانگ ای سکس کو اپنے 53 دن کے اس مشن کے دوران چاند کے گرد گردش کرنے والے، حال ہی میں تعینات کئے گئے ریلے سیٹلائٹ پر انحصار کرنا ہوگا۔

یہی ریلے سیٹلائٹ 2026 اور 2028 میں بالترتیب چانگ ای 7 اور 8 مشنوں کی مدد کرے گا، جب چین پانی کے لیے قطب جنوبی کو تلاش کرنے اور روس کے ساتھ ایک ابتدائی بیس کی تعمیر شروع کرے گا۔ چین 2030 تک اپنے خلابازوں کو چاند پر بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

بیجنگ کے قطبی منصوبوں نے امریکی خلائی ایجنسی ”ناسا“ کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، جس کے منتظم، بل نیلسن نے بارہا خبردار کیا ہے کہ چین چاند پر موجود کسی بھی آبی وسائل پر اپنا دعویٰ کرنے سے گریز کرے۔

تاہم، بیجنگ کا کہنا ہے کہ وہ مشترکہ طور پر مستقبل کی تعمیر کے لیے تمام اقوام کے ساتھ تعاون کے لیے پرعزم ہے۔

چانگ ای 6 چین، فرانس، اٹلی، سویڈن اور پاکستان سے پے لوڈز لے کر جائے گا اور چانگ ای 7 پر روس، سوئٹزرلینڈ اور تھائی لینڈ سے پے لوڈ جائے گا۔

ناسا پر امریکی قانون کے تحت چین کے ساتھ براہ راست یا بالواسطہ تعاون پر پابندی ہے۔

ناسا کی زیر قیادت آرٹیمس پروگرام کے تحت، امریکی خلاباز 2026 میں قطب جنوبی کے قریب اتریں گے، جو 1972 کے بعد چاند پر پہلا انسان ہوگا۔

چانگ ای 6 وسیع قطب جنوبی آٹکن بیسن کے شمال مشرقی جانب اترنے کی کوشش کرے گا، جو نظام شمسی میں سب سے پرانا گڑھا ہے۔

اب تک کی سب سے زیادہ جنوبی لینڈنگ فروری میں IM-1 کے ذریعے کی گئی تھی، جو ناسا اور ٹیکساس میں قائم نجی فرم انٹیوٹیو مشینز کے درمیان ایک مشترکہ مشن تھا۔

ملاپرٹ اے جو قطب جنوبی کے قریب ایک ایسی جگہ ہے جس کے بارے میں خیال کیا جاتا تھا کہ یہ نسبتاً فلیٹ ہے، وہاں ٹچ ڈاؤن کے بعد خلائی جہاز بہت سے تکنیکی مسائل کے باعث ایک طرف جھک گیا، جو کہ قمری لینڈنگ کی اعلیٰ خطرے کی نوعیت کی عکاسی کرتا ہے۔

خیال رہے کہ چاند کی قطبی برف زمین سے منتقل ہونے والے مہنگے وسائل پر انحصار کیے بغیر طویل مدتی تحقیقی اڈوں کو برقرار رکھ سکتی ہے۔ 2008 میں لانچ کیے گئے ہندوستان کے چندریان-1 نے قطبی گڑھوں کے اندر برف کی موجودگی کی تصدیق کی تھی۔

چانگ ای 6 کے زریعے نمونوں کی واپسی چاند کے ابتدائی ارتقاء اور اندرونی نظام شمسی پر بھی مزید روشنی ڈال سکتی ہے۔

چانگ ای 6 کامیاب لینڈنگ کے بعد تقریباً 2 کلوگرام (4.4 پاؤنڈ) نمونے مکینیکل سکوپ اور ڈرل کے زریعے جمع کرے گا۔

Chang'e 6

Far Side of the Moon

China Moon Mission