Aaj News

ہفتہ, نومبر 16, 2024  
13 Jumada Al-Awwal 1446  

مختلف شہروں میں بارش، خیبرپختونخوا میں 10 افراد جاں بحق، آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ

شاہراہ نیلم سے سفر کرنے والے علاقہ مکینوں اور سیاحوں کیلئے ڈپٹی کمشنر نیلم کی ہدایات
شائع 29 اپريل 2024 10:07am
فوٹو۔۔۔فائل
فوٹو۔۔۔فائل

ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ کچھ بالائی علاقوں میں جاتی سرد پھر لوٹ آئی ہے۔ آزاد کشمیر میں بارش کے بعد شاہراہ نیلم پانچ مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہوگئی۔ پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا میں گزشتہ دو روز کے دوران بارشوں کے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق حادثات میں 10 افراد جاں بحق، اور 14زخمی ہوئے، جاں بحق افراد میں 2 خواتین اور 2 بچے بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں مجموعی طور پر 56 گھروں کو نقصان پہنچا، 51 گھروں کو جزوی اور 5 گھروں کومکمل نقصان پہنچا۔

ادھر پاراچنار سمیت کرم کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ جس سے جاتی سردی واپس لوٹ آئی ہے، علاقے میں کم سے کم درجہ حرارت 3 ریکارڈ کیا گیا۔

کرم میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی کے باعث لوگوں کا کافی نقصان ہوچکا ہے، دریائے کرم میں پانی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ پانی کی سطح زیادہ ہونے کی وجہ سے کھیت اور کھڑی فصلیں پانی میں بہہ گئیں۔

دوسری طرف ننکانہ صاحب شہر اور گردونواح میں بھی گرج چمک کےساتھ بارش ہوئی۔ فاروق آباد شہر اور گرد و نواح میں برسات وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ بارش اور ٹھنڈی ہوا کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا۔

آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ وادی نیلم، وادی لیپہ، جہلم ویلی میں معمولات زندگی متاثر ہوگئے، مکڑا پہاڑ پر برفباری کے باعث مظفرآباد میں سردی بڑھ گئی۔

شاہراہ نیلم پانچ مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہوگئی۔سیماری، جورا، دورایاں، دودھنیال اور شیخ بیلہ کے مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر نیلم نے علاقہ مکینوں اور سیاحوں کو سفر سے متعلق ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ شاہراہ نیلم سفر کے لیے موزوں نہیں ہے۔