Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کیچ میں فائرنگ، پنجاب سے تعلق رکھنے والے 2 مزدور قتل

واقعہ کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے، نہ ہی واقعہ کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول کی ہے
اپ ڈیٹ 28 اپريل 2024 10:16pm

بلوچستان کے علاقے کیچ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے دو غیر مقامی افراد کو قتل کردیا۔ فائرنگ کا واقعہ تحصیل تمپ کے علاقہ سرنکن پیش آیا۔

مقتولین کی شناخت محمد شاہد ولد محمد صدیق اور محمد نعیم ولد محمد حنیف کے نام سے ہوئی ہے اور دونوں کا تعلق پنجاب کے شہر فیصل آباد سے ہے۔

لیویز کنٹرول کا کہنا ہے کہ دونوں افراد مزدور تھے۔

یہ پہلا واقعہ نہیں کہ بلوچستان میں باہر کے لوگوں کو قتل کیا گیا ہو، اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات پیش آچکے ہیں۔

اپریل میں نوشکی میں بی ایل اے کے دہشت گردوں نے ایران جانے والی بس کو روک کر شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 زائرین کو قتل کیا تھا۔

جبکہ اکتوبر 2023 میں کیچ کےعلاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں نامعلوم افراد نے رات کے وقت ٹھیکیدار کے گھر میں سوئے ہوئے 6 مزدوروں کو قتل کردیا تھا۔

ضلعی انتظامیہ نے دونوں مقتولین کی لاشیں تحویل میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔ تاہم، حالیہ واقعہ کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے، نہ ہی واقعہ کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول کی ہے۔

وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کیچ میں دونوں مزدوروں کے قتل کی مذمت کی ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاع پر آپریشن، 2 دہشتگرد ہلاک

ایکس پر جاری اپنی ٹوئٹ میں سرفراز بگٹی نے لکھا کہ نام نہاد دہشت گردوں نے دو معصوم پاکستانیوں کو شہید کیا، جب ہم جیسے لوگ کہتے ہیں کہ بلوچستان میں قوم پرست علیحدگی پسند دہشت گردی ہے تو کہا جاتا ہے کہ یہ حقوق کی جنگ ہے۔

وزیر اعلٰی سرفراز بگٹی نے لکھا کہ معصوم افراد کو شناخت کی بنیاد پر شہید کیا گیا، واقعہ قابل مذمت ہے، بلوچستان حکومت غم کی اس گھڑی میں مظلوم، بے گناہ اور نہتے مزدوروں کے پسماندگان کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں، ان کے مالی و نظریاتی مدد گاروں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔

دوسری جانب تربت کے علاقے جوسک میں نامعلوم افراد نے دوکان میں گھس کر فائرنگ کرکے سری کھن کے رہائشی وہاب ولد عباس کو قتل کردیا۔

Balochistan Murder

Kech Firing

Punjabi workers Murdered