Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسحاق ڈار ڈپٹی وزیراعظم تعینات

تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری
شائع 28 اپريل 2024 04:51pm

وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کو ڈپٹی پرائم منسٹر (نائب وزیراعظم) تعینات کردیا گیا ہے۔

اسحاق ڈار کی بطور ڈپٹی وزیراعظم تعیناتی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

اس وقت وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِاعظم شہباز شریف کے ساتھ سعودی عرب میں موجود ہیں جہاں وہ عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔

پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کا مختلف منصوبوں کو جلد مکمل کرنے پر اتفاق

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق وزیر خارجہ کی ڈپٹی وزیراعظم کے طور پر تقرری وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے کی گئی ہے۔

 اسحاق ڈار کی بطور ڈپٹی وزیراعظم تعیناتی کا نوٹی فکیشن
اسحاق ڈار کی بطور ڈپٹی وزیراعظم تعیناتی کا نوٹی فکیشن

تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ نائب وزیراعظم اب وزیر خارجہ کی ذمہ داریاں بھی انجام دیں گے یا حکومت کسی اور کو وزیر خارجہ کا منصب سونپے گی۔

خیال رہے کہ اسحاق ڈار ملک کے دوسرے ڈپٹی وزیراعظم ہیں، اس سے قبل چوہدری پرویز الہٰی پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ڈپٹی وزیراعظم رہ چکے ہیں۔

اسحاق ڈار پاکستان مسلم لیگ ن کے اہم رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ ماضی میں انہیں ن لیگ کی حکومتوں میں متعدد بار وزیر خزانہ کی ذمہ داری سونپی گئی، تاہم اس بار ان کی جگہ محمد اورنگزیب کو وزیر خزانہ بنایا گیا جبکہ انہیں وزیر خارجہ کی ذمہ داری ملی۔

اسحاق ڈار پہلی مرتبہ 1998 میں نواز لیگ کے دور میں وفاقی وزیر خزانہ بنے تھے۔ اس کے بعد 2013 میں نواز لیگ کی حکومت میں ایک بار پھر وہ وزیر خزانہ بنائے گئے۔

جنگی بنیادوں پر پاکستان میں سرمایہ کاری پر کام شروع کر دیا ہے، آل تویجری

تاہم 2017 میں نواز شریف کی سپریم کورٹ سے نااہلی کے بعد جب شاہد خاقان عباسی وزیر اعظم بنے تو مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ بنایا گیا۔

اپریل 2022 میں تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کے بعد شہباز شریف کی وزارت عظمیٰ کے پہلے پانچ مہینوں تک مفتاح اسماعیل وزیر خزانہ رہے، تاہم، ستمبر 2022 کے آخر میں اسحاق ڈار کو ایک بار پھر وزارت خزانہ مل گئی۔

foreign minister

Ishaq Dar

Deputy Prime Minister