Aaj News

جمعہ, نومبر 15, 2024  
13 Jumada Al-Awwal 1446  

پنجاب پولیس کی افسر کیلئے بہترین کارکردگی کا عالمی ایوارڈ

رفعت بخاری کو انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمین پولیس کا ایوارڈ ستمبر میں شکاگو میں دیا جائے گا
شائع 27 اپريل 2024 07:00pm

انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمین پولیس (آئی اے ڈبلیو پی) نے پنجاب پولیس کی افسر رفعت بخاری کو شاندار کارکردگی کا ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔

ایس ایس پی رفعت بخاری پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ رفعت بخاری کو یہ ایوارڈ یکم تا 4 جنوری امریکا کے شہر شکاگو میں منعقد کی جانے والی سالانہ ٹریننگ کانفرنس میں دیا جائے گا۔

انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمین پولیس نے بتایا ہے کہ رفعت بخاری کا انتخاب پولیس فورس میں غیر معمولی نوعیت کی خدمات اور اپنے منصبی فرائض کے لیے اُن کی لگن کی بدولت دیا جارہا ہے۔

آئی آے ڈبلیو پی کی صدر ڈیبورا فریڈل نے رفعت بخاری کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ ہمارے ارکان، بورڈ آف ڈائریکٹرز اور ریکوگنیشن کمیٹی کی طرف سے آپ کو عالمگیر سطح کی مسابقت میں یہ اعزاز پانے پر بہت بہت مبارک باد۔

یہ ایوارڈ سالانہ بنیاد پر دیا جاتا ہے۔ دنیا بھر میں نمایاں خدمات انجام دینے والی پولیس افسران کی کارکردگی کا بغور جائزہ لینے کے بعد یہ اعزاز دیا جاتا ہے۔ گزشتہ سال اسی تنظیم نے خیبر پختونخوا کی ایس ایس پی سونیا شمروز خان کو آفیسر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا تھا۔ آئی اے ڈبلیو پی 30 سے زائد ممالک کی نمائندگی کرتی ہے اور 30 تنظیمیں اِس سے الحاق رکھتی ہیں۔ یہ تنظیم تربیت، سرپرستی، اشتراکِ عمل اور نیٹ ورکنگ کے اہم مواقع فراہم کرتی ہے۔

INTERNATIONAL ASSOCIATION OF WOMEN POLICE

BEST PERFORMANCE AWARD

RIFAT BUKHARI

PUNJAB SAFE CITIES AUTHORITY