Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

مذاکرات کیلئے تیار ہیں، پہلے مقدمات ختم کیے جائیں، پی ٹی آئی

حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سےمذاکرات کےلیےمشروط طور پر تیار ہیں، شبلی فراز
شائع 26 اپريل 2024 02:38pm
پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز
پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مذاکرات کیلئے تیار ہیں، پہلے مقدمات ختم کیے جائیں۔عدالتوں سے سیاسی فیصلے کرائے جارہے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں شبلی فرارز نے کہا کہ ہم پاکستان کےلئے کسی سے بھی بات کرنے کو تیار ہیں، حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سےمذاکرات کےلیےمشروط طور پر تیار ہیں۔پہلے مذاکرات کےلئے ماحول بنایا جائے۔

انھوں نے کہا کہ جبر کے ماحول میں بات نہیں ہوسکتی،پہلے سیاسی مقدمات ختم کئے جائیں، قانون و آئین کی حکمرانی لائی جائے۔

شبلی فراز نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی لندن یا کسی اور ملک نہیں جائیں گے، بانی پی ٹی آئی خواتین اور سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہماری بھی فوج ہے، قانونی مقدمات اگر حقیقی ہیں وہ چلائیں، تحریک انصاف کو سیاسی آزادی اور ایکٹیوٹی کی اجازت دی جائے، پی ٹی آئی کے ساتھ جو ہوا اس پر آزاد جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

انھوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی اسلام آباد پر قبضہ کی بات سیاسی ہے، الیکشن ٹربیونلز 30 روز میں عذرداریوں پر فیصلے کریں، دھاندلی اورعذرداریوں پر جلد وائٹ پیپر جاری کریں گے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عوام نے تمام تر ایکشنز کے باوجود ہمیں ووٹ دیا، تین مرتبہ انٹرا پارٹی الیکشنز کرائےاعتراض لگا دیا گیا، سیاسی انتقام کے ماحول میں سیاسی و معاشی استحکام نہیں آسکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں سے سیاسی فیصلے کرائے جارہے ہیں، بظاہر جمہوری و پارلیمانی نظام قائم ہے، ہم عالمی طور پر غیر متعلق ہوچکے ہیں جو خوفناک بات ہے، ملک اس وقت مریض کی صورتحال اختیار کرچکا ہے۔

pti

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Sunni Ittehad Council