Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیر اعظم کا کراچی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر ملکر حل کرنے اور 150بسیں دینے کا اعلان

دورہ کراچی کے دوران شہباز شریف کی مزار قائد پر بھی حاضری
اپ ڈیٹ 24 اپريل 2024 03:20pm

کراچی کے ایک روزہ دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات کی، جس میں شہباز شریف نے کہا کہ کراچی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر مل بیٹھ کر حل کریں گے۔ شہباز شریف نے مزار قائد پر حاضری بھی دی۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں سندھ اور وفاق کے درمیان ترقیاتی کاموں اور دیگر مسائل پر بات چیت ‏کی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ڈائریکٹ کٹوتیوں کے بعد فنڈز کی واپسی نہ ہونے پر بھی بات کی، جب کہ وزیراعظم نے مراد علی شاہ کو تمام مسائل مل بیٹھ کر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ ہم مل جل کر عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کو معاشی استحکام کے لئے قریبی تعلق بنانا پڑے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پریزنٹیشن کی مدد سے وزیراعظم کو مالی مسائل سے آگاہ کیا۔ شہباز شریف نے وزیراعلیٰ کی کارکردگی کو سراہنے کے لیے اجلاس میں تالیاں بجوائیں۔

وزیر اعظم نے سندھ میں تین سو بسوں کے پول میں ایک سو پچاس بسیں دینے کا اعلان کیا۔

مراد علیٰ شاہ نے کہا کہ رواں مالی سال وفاقی حکومت نے سندھ کو 1078.198ارب روپے دینا تھے، وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کو 28 ارب روپے کم دیئے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ رواں مالی سال اپریل تک سندھ کا شیئر 1092.419ارب روپے بنتا ہے، ابھی تک سندھ کو 1009.559 ارب روپے موصول ہوئے ہیں، جس میں 82.857 ارب روپے کم ہیں۔

مزار قائد پر حاضری

کراچی پہنچنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

مزار قائد پر فاتحہ خوانی کے بعد وزیراعظم نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے اور وہاں موجود طلبہ سے حلف لیا۔

شہباز شریف بذریعہ ہیلی کاپٹر مزار قائد پہنچے تھے، وزیر اعلیٰ سندھ سمیت دیگر رہنماء بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم سے کراچی میں تاجر برادری نے بھی ملاقات کی، جس میں بزنس کمیونٹی نے شکایتوں کے انبار لگا دیئے، ٹیکس، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ، امن وامان، اسٹریٹ کرائمز اور انفرا اسٹرکچر کی بہتری سے متعلق بات چیت ہوئی۔

دورہ کراچی کے باعث وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا اجلاس مؤخر کردیا گیا۔

karachi

PM Shehbaz Sharif

Business Community