Aaj News

جمعرات, نومبر 14, 2024  
11 Jumada Al-Awwal 1446  

تیسرا ٹی 20، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دیدی

نیوزی لینڈ نے 179 کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا
اپ ڈیٹ 21 اپريل 2024 11:26pm

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ٹی 20 میچ میں 7 وکٹوں اور 10 گیندوں سے شکست دیتے ہوئے کامیابی سمیٹ لی۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 179 رنز کا ہدف 18.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر عبور کرلیا، جس میں مارک چیپمین 87 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے، جبکہ ٹم وبنسن 28 ، ٹم سیفرٹ 21 اور ڈین فوکس کرافٹ 21 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

قبل ازیں، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ٹی20 میچ میں فتح کے لیے 179 رنز کا ہدف دیا تھا جوکہ شاداب خان اور کپتان بابر اعظم کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ممکن ہوا۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

اوپنرز صائم ایوب اور بابر اعظم نے پاکستان کو اچھا آغاز فراہم کیا اور بابر نے ٹیم کو 55 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

صائم نے ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر 32 رنز بنائے لیکن اسی اسکور پر ان کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

کپتان بابر اعظم کا ساتھ دینے محمد رضوان آئے اور دونوں مل کر اسکور کو 84 تک پہنچایا ہی تھا کہ بابر اعظم اش سودھی کی وکٹ بن گئے۔

سنچری مکمل ہوتے ہی قومی ٹیم کو یکے بعد دیگرے دو نقصان ہوئے، پہلے 23 رنز بنانے والے رضوان ریٹائرڈ ہو کر پویلین واپس لوٹ گئے جبکہ ایک رن کے اضافے سے عثمان خان بھی چار رنز بنانے کے بعد پویلین سدھار گئے۔

104 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد شاداب خان کا ساتھ دینے عرفان خان نیازی آئے اور دونوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 34 گیندوں پر 62 رنز کی ساجھے داری بنائی۔

شاداب خان نے 20 گیندو٘ پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 41 جبکہ عرفان نے 20 گیندوں پر 30 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اش سودھی نے دو شکار کیے جبکہ جیکب ڈفی اور مائیکل بریسویل نے ایک، ایک وکٹ لی۔

اس سے قبل پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور محمد عامر کی جگہ عباس آفریدی کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

میچ میں پلیٸرز توقعات کے مطابق نہیں کھیلے، ہیڈ کوچ

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوٸنٹی میچ میں پلیٸرز توقعات کے مطابق نہیں کھیلے، اس وقت جو غلطیاں کررہے ہیں انہیں ورلڈ کپ میں نہیں دہرائیں گے، ورلڈکپ سے قبل تمام آپشنز دیکھنا ہوں گے۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف آج اچھا پرفارم نہیں کر پائے، ہماری باولنگ میں کافی خامیاں نظر آٸیں، بیٹنگ میں بھی 20 رنز کم بنائے۔ درمیان میں اس طریقے سے رنز نہیں بنا پائے جو ٹارگٹ تھے۔

انہوں نے کہا کہ مارک چیپمین نے اکیلے ہی میچ جتوا دیا، ٹی 20 کرکٹ میں ایک پلیٸر میچ جتوا دیتا ہے۔ ٹاپ تھری بیٹنگ نمبر فکس ہوتی ہیں۔ باقی پوزیشن پر پلیٸرز کیلٸے اوپر نیچے روٹیشن پالیسی اختیار کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شکست سے سیکھیں گے، خامیوں پر قابو پانا پڑے گا۔ ورلڈ کپ سے قبل ہم نے تمام آپشن دیکھنے ہیں۔ میچ میں ہماری فیلڈنگ کا معیار بھی اچھا نہیں تھا۔ بیٹنگ بولنگ میں قسمت کام کرسکتی ہے لیکن فیلڈنگ میں نہیں۔ ٹیم میچ میں ہارے گی تو شکست کی وجوہات بتاوں گا۔ ہر موقع پر اپنے کھلاڑیوں کا دفاع کروں گا۔ ہم عماد سمیت دیگر پلیٸرز کو ابھی نہیں کھیلا رہے۔ اس وقت جو غلطیاں کررہے ہیں وہ ورلڈ کپ میں نہیں دہرائیں گے۔

t20 series

Pakistan vs New Zealand

3rd Match