پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ سیریز، چئیرمین پی سی بی نے روہت شرما کی خواہش کا جواب دے دیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے بھارتی کپتان روہت شرما کی جانب سے پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی خواہش کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی تک پاکستان ٹیم بہت مصروف ہے، پہلے بھارتی ٹیم ایونٹ میں پاکستان آئے پھر کوئی آپشن دیکھیں گے۔
چند روز قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان کپتان روہت شرما نے سابق انگلش کپتان مائیکل وان کے ساتھ پوڈ کاسٹ میں کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ میچز بہت شاندار ہوں گے کیونکہ پاکستان زبردست ٹیم ہے اور اس کی بولنگ بہت مضبوط ہے۔
پاکستان اور بھارت نے آخری بار دو طرفہ ٹیسٹ سیریز 2007 میں کھیلی تھی جب پاکستان بھارت کے دورہ پر تھا اور اسے ایک صفرسے شکست ہوئی تھی۔
روہت شرما نے یہ بھی کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کا مقابلہ تگڑا ہوگا خاص طور پر اگر یہ باہر کی کنڈیشن میں ہو، میں باضابطہ سیریز کے حق میں ہوں، میری رائے خالص کرکٹ پر مبنی ہے اس کے علاوہ کچھ نہیں۔
ایل سی سی سی اے گراﺅنڈ میں انٹرکلب کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچز کیلئے انٹرویوز چل رہے ہیں، فیصلہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے بعد ہوجائے گا، چند روز میں اعلان بھی ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فاسٹ باؤلر احسان اللہ کے علاج میں کوتاہی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیں گے، ہمارے لیے ہمارا ہر کھلاڑی اہم ہے، میں اعظم خان کی انجری کو خود مانیٹر کررہا ہوں۔
چئیرمین پی سی بی نے کہا کہ انٹرکلب ٹورنامنٹ میں 3300 سے زائد کلبز شریک ہوں گے، 7200 میچز جولائی تک مکمل ہوں گے، بہترین کرکٹرز کو اکیڈمی میں ٹریننگ دے کر قومی ٹیم کا بیک اپ تیار کریں گے۔
Comments are closed on this story.