Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

علامہ اقبال کا فلسفہ خودی پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے، وزیراعظم

اقبال جیسی مدبر اور دور اندیش شخصیت کا جنم صدیوں بعد ہوتا ہے، شہباز شریف
شائع 21 اپريل 2024 02:16pm

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ علامہ اقبال کا فلسفہ خودی پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے، علامہ اقبال جیسی مدبر اور دور اندیش شخصیت کا جنم صدیوں بعد ہوتا ہے، علامہ اقبال وہ شخصیت ہیں جنہیں تا قیامت سنہری الفاظ میں یاد کیا جائے گا۔

ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 86 ویں یوم وفات پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ آج شاعر مشرق اور مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 86 واں یوم وفات ہے، پوری قوم آج ان کے بلند درجات کے لئے دعا گو ہے اور انہیں خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے اپنے افکار و تعلیمات میں امتِ مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا، نوجوان ان کی خصوصی توجہ کا مرکز تھے، انہوں نے نوجوانوں کو اپنے اسلاف کی قربانیوں، انکی عظمت اور اپنی کھوئی ہوئی میراث سے روشناس کروانے میں اہم کردار ادا کیا اور نوجوانوں جہد مسلسل کی تعلیم دی اور ان کو مسلمانوں کے تابناک ماضی سے سبق حاصل کرکے مستقبل میں علم و تحقیق کی منازل طے کرنے کی تلقین کی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ اقبال کے فلسفہِ خودی ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے، ان کے خودی کے فلسفے کو اپناتے ہوئے انسان کامل بنا جا سکتا ہے، ان کے فلسفے اور تعلیمات پر نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں آج بھی جدید جامعات میں تحقیق کی جارہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فارسی اور اردو زبانوں میں ان کا کلام اور تحریریں آج بھی پوری دنیا میں مقبول ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں کے لیے برِ صغیر پاک و ہند میں ایک علیحدہ ریاست کا خواب دیکھا جسے قائد اعظم اور مسلم لیگ کے دیگر رہنماؤں نے شبانہ روز محنت سے شرمندہ تعبیر کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ علامہ اقبال کا پاکستان امن کا گہوارہ، سیاسی برداشت اور بھائی چارے کا پاکستان ہے، اقبال نے ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں نوجوان تعمیری سوچ سے اس ملک کو ترقی کی بلندیوں پر لے جائیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ آئیں مل کر آج کے دن یہ عہد کریں کہ ہم اقبال کے پاکستان کے حصول کے لیے دن رات محنت کریں گے۔

Shehbaz Sharif

اسلام آباد

Death Anniversary

PM Shehbaz Sharif

Allama Iqbal