Aaj News

اتوار, جنوری 05, 2025  
04 Rajab 1446  

شہنشاہِ جذبات اور کامیڈی کنگ کی سالگرہ

محمد علی اور عمر شریف نے اپنے فن میں کمال مہارت حاصل کی، صوبائی وزیر ثقافت سندھ
شائع 19 اپريل 2024 08:02pm

لیجنڈری کامیڈین و اداکار عمر شریف اور شہنشاہِ جذبات محمد علی کے مداح آج ان کی سالگرہ منارہے ہیں

پاکستان شوبز انڈسٹری کے دو نامور ستارے عمرشریف اور محمد علی ایک ہی پیدا ہوئے عمر شریف 19 اپریل 1955ء کو کراچی میں جبکہ محمد علی 19 اپریل 1931 کو رام پور میں پیدا ہوئے ۔

کامیڈی کنگ مرحوم عمر شریف اور شہنشاہِ جذبات اداکار مرحوم محمد علی کے جنم دن پر صوبائی وزیر سیاحت و ثقافت نوادرات و آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف اور محمد علی کی سالگرہ پر پرستاروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

سید ذوالفقار علی شاہ کا کہنا تھا کہ اداکار محمد علی اور عمر شریف نے اپنے فن میں کمال مہارت حاصل کی، عمر شریف مرحوم نے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں تو اداکار محمد علی مرحوم نے اپنے فن سے فلم انڈسٹری کو عروج بخشا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت کی طرف سے دونوں لیجنڈز کی سالگرہ پر مداحوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ محمد علی کی بطور ہیرو پہلی فلم شرارت تھی۔ صاعقہ، وحشی، آس، آئینہ اور صورت، انسان اور آدمی اورحیدر علی ان کی کامیاب ترین فلموں میں شمار ہوتی ہیں۔ لالی وڈ میں لازوال کردار پر انہیں شہنشاہ جذبات کا خطاب بھی دیا گیا۔ محمدعلی کا شمار ایشیاء کے پچیس بہترین اداکاروں کی فہرست میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کم و بیش تین سو فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں سے بیشتر میں ان کی ہیروئن ان کی اہلیہ زیبا تھیں۔ محمد علی اور زیبا نے ”علی زیب“ کے نام سے اپنا پروڈکشن ہاؤس بھی قائم کیا اور کئی کامیاب فلمیں بنائیں۔ محمد علی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں شاہ پہلوی ایوارڈ، 10 نگار ایوارڈز، صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی، تمغۂ امتیاز اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

عمر شریف کے مقبول ترین مزاحیہ ڈراموں میں ’بکرا قسطوں پر‘ اور ’بڈھا گھر پر ہے‘ سرِ فہرست ہیں، ان کی مقبول ترین فلموں میں ’مسٹر 420‘، ’مسٹر چارلی‘، ’خاندان‘ اور ’لاٹ صاحب‘ شامل ہیں۔

muhammad ali

Umar Shariff