Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
10 Rajab 1446  

تھائی لینڈ میں 1.7 کروڑ سیاحوں کی آمد، پاکستان کہاں کھڑا ہے؟

صرف ساڑھے تین ماہ کے دوران سیاحت نے تھائی قومی خزانے میں 13 ارب 50 کروڑ ڈالر ڈال دیے
شائع 19 اپريل 2024 06:11pm

جنوب مشرقی ایشیا کے بعض ممالک سیاحت کے شعبے کو فروغ دے کر غیر معمولی رفتار سے معیشت کو مستحکم کر رہے ہیں۔ ایک واضح مثال تھائی لینڈ کی ہے۔ تھائی لینڈ نے سالِ رواں کے دوران سیاحت کے شعبے سے 13 ارب 50 کروڑ ڈالر کمائے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری سے 14 اپریل تک تھائی لینڈ آنے والے سیاحوں کی تعداد ایک کروڑ 7 لاکھ 23 ہزار 973 تھی۔ ان سیاحوں کی آمد سے تھائی لینڈ کے قومی خزانے میں 518 بھات یعنی 13 ارب 50 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا۔

صرف ساڑھے تین ماہ کے دوران تھائی لینڈ آنے والوں میں چین کے 20 لاکھ، ملائیشیا کے 13 لاکھ 90 ہزار، روس کے 6 لاکھ 95 ہزار، جنوبی کوریا کے 6 لاکھ 19 ہزار اور بھارت کے 5 لاکھ 47 ہزار سیاح شامل ہیں۔

تھائی لینڈ کے سیاحت اور کھیلوں کے وزیر سُداون وانگسوپھکجکوسول کا کہنا ہے کہ 8 سے 14 اپریل کے دوران 7 لاکھ 35 ہزار یعنی اوسطاً ایک لاکھ 5 ہزار سیاح تھائی لینڈ آئے۔ اُس سے پچھلے ہفتے 6 لاکھ 18 ہزار سیاح آئے تھے۔

سُداون نے بتایا کہ بہت سے مسلم ممالک سے سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ رمضان کے بعد تعطیلات جاری ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ متعدد ممالک سے ویزا کے بغیر آمد کا نظام نافذ کیے جانے کے بعد سے سیاحوں کی آمد بڑھی ہے۔

پاکستان کے طول و عرض میں ایسے مقامات کی کمی نہیں جو قدرت کے انتہائی حسین نظارے پیش کرتے ہیں۔ یہاں پہاڑ بھی ہیں اور وادیاں بھی۔ موجیں مارتے دریا بھی ہیں اور حسین و دل فریب مناظر سے مالا مال جھلیں بھی۔ اس کے باوجود پاکستان میں سیاحوں کی آمد برائے نام ہے۔ حکومت اس حوالے سے سنجیدہ ہی نہیں۔ متعلقہ ادارے اور محکمے اپنے حصے کا کام نہیں کر رہے۔

thailand

tourism

VISA FREE REGIME

BIG REVENUE

PAKISTAN HAS BRIGHTER PROSPECTS