بارشوں کی تباہی، بلوچستان میں 17، خیبرپختونخوا میں 36 افراد جاں بحق ہوچکے
پاکستان میں بارشوں کا سلسلہ 22 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کوہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بارشوں کاحالیہ سلسلہ 22اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے، بارشوں سے کیچ،قلات،خضدار،آواران کےعلاقوں میں سیلابی صورتحال متوقع ہے، مالاکنڈ،صوابی،کوہستان،مردان،شانگلہ،چارسدہ میں سیلاب کاخطرہ موجود ہے، ڈیرہ غازی خان اورراجن پور میں بھی سیلابی صورتحال متوقع ہے، این ڈی ایم اے نےمتعلقہ اداروں کوالرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔
این ڈی ایم اے نے اپیل کی ہے کہ سیاح و مسافر پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، نشیبی علاقوں کے مکین سیلاب کے خدشے کے پیش نظر محتاط رہیں۔
دوسری جانب ملک میں بارشوں کی تباہی جاری ہے، حالیہ برسات کے دوران مختلف حادثات میں بلوچستان میں 17 اور خیبرپختونخوا میں 36 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 50 افراد زخمی ہوئے پی ڈی ایم اے کے مطابق 2 ہزار 4سو مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی۔ آسمانی بجلی گرنے، ملبے تلے دبنے اور سیلابی ریلوں میں بہہ جانے سے اب تک سترہ افراد جاں بحق اور چوبیس زخمی ہو گئے۔ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
سوراب ، پشین ، ڈیرہ بگٹی، لورالائی ، کیچ ، گوادر ، چاغی اور چمن میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 17افراد جاں بحق جبکہ 24 افراد زخمی ہو گئے۔
دوسری طرف خیبرپختونخوا میں بھی بارش کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے خیبرپختونخوا میں حالیہ بارش سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ کے مطابق بارش کے باعث لینڈ سلائڈنگ، چھتیں گرنے اور سیلاب سے مختلف حادثات میں 36 افراد جان سے گئے جبکہ 53 خواتین اور بچوں سمیت افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
Comments are closed on this story.