نرگس فخری مجھ سے جلتی تھی، مریحہ صفدر کا دعوی
مریحہ صفدر ایک مشہور پاکستانی ماڈل اور اداکارہ ہیں، ماریہ ایک انتہائی پروفیشنل سلیبریٹی ہیں ، جو لندن کے ایکٹنگ اسکول سے ڈگری مکمل کرنے کے بعد انڈسٹری میں آئیں۔ انہوں نے اداکاری کی باقاعدہ تعلیم حاصل کی ہے اور ماڈلنگ کے میدان سے اپنے کیریئر کو آگے بڑھایا ہے۔
مریحہ نے گذشتہ دنوں ایک نجی چینل کے رئیلٹی شو کے ذریعے شہرت حاصل کی۔انہوں نے کچھ ڈراموں میں بھی کام کیا ہے،جن میں ”کیسی عورت ہوں میں“ شامل ہے۔
مریحہ صفدر نے معروف انڈین ایکٹراکشے کمار اور دیگربھارتی اداکاروں کے ساتھ بالی ووڈ میں بھی کام کیا ہے۔
حال ہی میں ایک نجی چینل کے مقبول شو میں انہوں نے بالی ووڈ اداکاروں کے ساتھ کام کرنےکے اپنے اس تجربہ کو شیئر کیا۔
مریحہ نے بھارتی اداکارہ نرگس فخری کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بھی شیئر کیا۔
مریحہ صفدر نے بالی ووڈ اسٹارزکے کام کی تعریف کی اورکہا کہ تمام ہندوستانی اداکار سپر پروفیشنل ہیں اور اسی ایک وجہ سے وہ ہم سے آگے ہیں۔
مریحہ نے نرگس فخری کے ساتھ کام کرنے کے اپنے ناخوشگوار تجربے کو بھی شیئر کیا۔ اداکارہ نے کہا کہ لیزا، جیکولین فرنینڈس اور بومن ایرانی سمیت تمام اداکاروں کے ساتھ میری اچھی دوستی تھی۔ سوائے نرگس فخری کے۔
ہم سب ایک دوستانہ ماحول میں رہتے تھے، لیکن نرگس فخری صرف اپنے بارے میں زیادہ سوچتی تھی۔ وہ ہمارے ساتھ میل جول نہیں رکھتی تھی اور حسد بھی کر رہی تھی۔
مریحہ صفدر کے نزدیک نرگس فخری شاید سوچ رہی تھیں کہ یہ لڑکی (مریحہ) کہاں سے آئی ہے۔ وہ دوسروں کے ساتھ بھی بدتمیزی کرتی تھی۔
Comments are closed on this story.