Aaj News

بدھ, نومبر 13, 2024  
10 Jumada Al-Awwal 1446  

دنیا بھر میں سب سے زیادہ کون سے پاس ورڈ استعمال کئے گئے؟

ایک محفوظ پاس ورڈ کس قسم کا ہونا چاہئیے؟
شائع 17 اپريل 2024 10:48pm

ڈیٹا اور بزنس انٹیلی جنس سے متعلق ایک عالمی پلیٹ فارم ”اسٹِسٹا“ کی طرف سے پاس ورڈ سکیورٹی کے معاملے پر جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں گزشتہ برس کے دوران 10 پاس ورڈ سب سے زیادہ استعمال کیے گئے۔

اسٹسٹا کی رپورٹ ان پاس ورڈز کی جو تفصیل بیان کی گئی ہے اس کے مطابق 45 لاکھ 25 ہزار کے قریب لوگوں نے ”123456“ کو بطور پاس ورڈ استعمال کیا۔

اس کے بعد 40 لاکھ 10 ہزار کے قریب لوگوں نے ”admin“، 13 لاکھ 71 ہزار سے زائد لوگوں نے ”12345678“، 12 لاکھ 13 ہزار سے زائد لوگوں نے ”123456789“ اور نو لاکھ 70 ہزار کے قریب لوگوں نے ”1234“ کو بطور پاس ورڈ استعمال کیا۔

رپورٹ کے مطابق سات لاکھ 28 ہزار سے زائد افراد نے ”12345“، سات لاکھ 10 ہزار سے زائد لوگوں نے ”password“، پانچ لاکھ 28 ہزار سے زائد لوگوں نے ”123“، تین لاکھ 20 ہزار کے قریب لوگوں نے ”Aa123456“ اور تین لاکھ تین ہزار کے قریب لوگوں نے ”1234567890“ کو بطور پاس ورڈ استعمال کیا۔

ٹیکنالوجی کی دنیا کی اہم ترین امریکی کمپنیوں میں ایک مائیکروسافٹ کی تجاویز کے مطابق ایک محفوظ پاس ورڈ کے لیے آپ کو ان باتوں کا خیال رکھنا چاہئیے۔

پاس ورڈ کم از کم 12 کریکٹرز پر مشتمل ہونا چاہیے، 14 سے زیادہ ہوں تو زیادہ بہتر ہے۔

آپ کا پاس ورڈ کیپٹل حروف، لوئر کیس حروف، نمبروں اور سمبلز یا علامات کا مرکب ہونا چاہیے۔

پاس ورڈ کوئی ایسا لفظ نہیں ہونا چاہیے جو ڈکشنری میں مل جائے، نہ ہی یہ کسی فرد کا نام، کوئی کردار، کوئی پراڈکٹ یا کسی آرگنائزیشن کا نام ہونا چاہیے۔

پاس ورڈ ایسا ہونا چاہئیے جو آپ کے لیے یاد رکھنا تو آسان ہو مگر کسی اور کے لیے اس کا اندازہ لگانا آسان نہیں ہونا چاہیے۔

ایک محفوظ پاس ورڈ کی ایک مثال یہاں پیش ہے ”6MonkeysRLooking^“۔

Safe Password

Most Common Passwords

Most Used Passwords

How to create strong password