مقبوضہ کشمیر: دریائے جہلم میں اسکول کے بچوں سے بھری کشتی کو حادثہ، 6 جاں بحق
مقبوضہ جموں و کشمیر کے شہر سری نگر کے گنڈبل علاقے میں دریائے جہلم میں اسکول کے بچوں سے بھری کشتی ڈوب گئی۔ افسوسناک حادثے میں 4 بچوں سمیت 6 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے جب کہ 12 لوگوں کو بچا لیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق یہ کشتی بٹوارہ جا رہی تھی جس میں بچے اور مقامی لوگ سوار تھے، لیکن بی بی کینٹ آرمی ہیڈ کوارٹر کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے بتایا گیا کہ بھارتی فوج کی ٹیم کو ریسکیو اور ریلیف کے کاموں کے لئے تعینات کیا گیا ہے۔
بھارتی فوج کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بتایا کہ میرین کمانڈو (MARCOS) ٹیموں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ جموں و کشمیر میں گزشتہ چند دنوں سے جاری بارش کے باعث جہلم سمیت تمام دریا اور ندی نالوں میں طغیانی ہے۔ اس کے پیش نظر انتظامیہ نے لوگوں سے دریاؤں سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔
انگریزی روزنامہ گریٹر کشمیر کی رپورٹ کے مطابق، موسلا دھار بارش اور نکاسی آب کے ناقص نظام کی وجہ سے پیر کو سری نگر کی بڑی سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔
رپورٹ میں مقامی لوگوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ خانیار، باباڈیمب، نوہٹہ سمیت شہر کے نشیبی علاقوں کی بیشتر سڑکیں زیر آب آگئی ہیں۔
لوگوں نے کہا کہ شہر کے بالائی علاقوں بشمول بمنہ اور بٹمالو میں بھی یہی صورتحال ہے۔
Comments are closed on this story.