Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

یو اے ای میں کاروبار کیلئے گولڈن اور سلور ٹریڈ لائسنس

گولڈن اور سلور ٹریڈ لائسنس کے اجراء کے بعد ہر سال لائسنس کی تجدید کرانا نہیں ہوگی
شائع 16 اپريل 2024 03:45pm

دبئی کے کاروبار دوست ماحول میں مزید بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ یو اے ای حکومت گولڈن ویزا کے بعد کاروبار کے لیے دس سالہ گولڈن اور پانچ سالہ سلور ٹریڈ لائسنس جاری کرنے جارہی ہے۔

دبئی میں سرمایہ کاری بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ گولڈن ویزا کے بعد اب گولڈن اور سلور ٹریڈ لائسنس کے اجراء پر غور شروع ہوگیا۔

گولڈن اور سلور ٹریڈ لائسنس کے اجراء کے بعد ہر سال لائسنس کی تجدید کرانا نہیں ہوگی۔

ماہرین ، حکومت کے اس اقدام کو گیم چینجر قرار دے رہے ہیں۔ اس حوالے سے دبئی میں مقیم بزنس لائر کمال جبار کہتے ہیں نئے طویل المدتی بزنس لائسنس کے اجراء سے استحکام برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔

دبئی میں سرمایہ کاری لانے اور استحکام قائم رکھنے میں میں مدد ملے گی۔ انویسٹرز کے لیے طویل المدتی سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کرنا زیادہ آسان ہوگا۔

اِس وقت دبئی کا ایک سال کا ٹریڈ لائسنس پندرہ سے پچاس ہزار درہم میں حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ہر سال اس لائسنس کی تجدید کرانا ہوتی ہے، جس کے لیے مختلف لوازمات پورے کرنا ضرور ہیں۔

بروکر ایکس ٹی بی کے سی ای او اشرف درید کہتے ہیں دس سالہ گولڈن اور پانچ سالہ سلور ٹریڈ لائسنس سے دبئی کی بطور سرمایہ کاری کی پسندیدہ جگہ کی پوزیشن مزید مضبوط ہوگی، مزید گلوبل فرمز دبئی کی جانب راغب ہوں گی۔

دبئی میں اس سے پہلے کاروبار دوست ماحول بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔ کاروبار کے لیے مقامی اماراتی پارٹنر رکھنے کی شرط پہلے ہی ختم کی جاچکی ہے۔ ملازمین کی رہائش اور ورک پرمٹ کا حصول آسان بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔

تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ دس یا پانچ سالہ کا لائسنس کب جاری کیا جائے گا تاہم اس کے اجراء سے دبئی میں کاروبار شروع کرنے میں مزید آسانیاں پیدا ہوں گی۔

UAE

VIA DUBAI

UAE Work Permit