Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

ایرانی حکومت نے اسرائیلی بحری جہاز پر موجود 2 پاکستانیوں کو واپسی کی اجازت دے دی

کپتان کا اختیار ہے کہ وہ جب بھی اپنے عملے کو اجازت دے وہ جہاز سے اتر جائیں، ایرانی دفتر خارجہ
شائع 16 اپريل 2024 02:54pm

ایرانی حکومت نے قبضہ کئے گئے مبینہ اسرائیلی بحری جہاز پر موجود دو پاکستانیوں کو وطن واپس بھیجنے کی اجازت دے دی ہے۔

گزشتہ روز ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز میں اسرائیلی کمپنی کا ایک جہاز اپنے قبضے میں لیا تھا، پرتگالی جہاز ”ایم ایس سی ایریز“ اسرائیلی ارب پتی ایال اوفر کی کمپنی کا ہے۔

قبضے میں لیے گئے جہاز پر فلپائن کا 20 رکنی عملہ اور دو پاکستانی بھی موجود ہیں۔

پاکستانی دفتر خارجہ نے ایرانی فوج کی جانب سے قبضے میں لیے گئے جہاز پر دو پاکستانیوں کی موجودگی کا معاملہ ایرانی حکومت کے سامنے اٹھایا تھا۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے اجازت پاکستانی دفتر خارجہ کی کوششوں پر دی گئی۔

ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے گزشتہ روز دفتر خارجہ میں ہونے والی ملاقات میں دونوں پاکستانیوں کی رہائی کی یقین دہانی کرائی تھی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ایران نے مطلع کیا ہے کہ پاکستانی عملہ وطن واپس جانے کے لیے آزاد ہے، جہاز کے کپتان کا اختیار ہے کہ وہ جب بھی اپنے عملے کو اجازت دے وہ جہاز سے اتر جائیں۔

Iran Seizes Israeli Ship

Pakistanis on Israeli Ship