Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مضبوط شراکت داری کیلئے پرعزم ہیں، سعودی وزیرخارجہ کا پاکستانی قیادت سے ملاقات میں اظہار خیال

فیصل بن فرحان کی صدر اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں، سعودی سرمایہ کاری پر بات چیت
اپ ڈیٹ 16 اپريل 2024 02:59pm

سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ جس میں مختلف شعبوں میں تعاون و سرمایہ کاری کے فروغ کا عزم کیا گیا۔ سعودی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری قائم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی قیادت میں سعودی وفد کا دورہ پاکستان جاری ہے۔

وفد نے صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقاتوں میں مضبوط شراکت داری کے قیام اور مزید اقتصادی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا، اسلامی دنیا کی خوشحالی سعودی عرب کی ترقی سے وابستہ ہے۔

آصف علی زرداری نے دیرینہ تعلقات کو طویل المدتی تزویراتی اور اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کوانتہائی اہمیت دیتے ہیں دونوں ممالک کئی دہائیوں سے ایک دوسرے کی مدد کرتے آئے ہیں۔

اس سے قبل سعودی عرب کا وفد وزیراعظم ہاؤس پہنچا تو وزیراعظم شہبازشریف نے خود خیرمقدم کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اوربرادر ممالک سے شراکت داری کو باہمی طور پر مفید بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے۔

شہبازشریف نے دورہ کو اسٹریٹجک و تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز قرار دیا۔

 سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد کی وزیر اعظم شہباز شریف اور کابینہ ارکان سے ملاقات۔ فوٹو ۔۔۔ پی آئی ڈی
سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد کی وزیر اعظم شہباز شریف اور کابینہ ارکان سے ملاقات۔ فوٹو ۔۔۔ پی آئی ڈی

سعودی وزیرِخارجہ نے دوطرفہ تجارتی و سرمایہ کاری شراکت داری کو مزید فروغ دینے کیلئے سعودی عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں ممالک نے فوری اور غیرمشروط جنگ بندی اورغزہ میں اسرائیلی مظالم بند کرنے پر بھی زور دیا۔

Saudi Arabia

Saudi investment in Pakistan

Special Investment Facilitation Council (SIFC)

Saudi delegation