Aaj News

جمعرات, نومبر 14, 2024  
11 Jumada Al-Awwal 1446  

جیل منتقلی کی درخواست خارج، ’وکلا خود نہیں چاہتے بشریٰ بی بی جیل جائیں‘

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواست خارج کرنے کے احکامات جاری کیے
اپ ڈیٹ 16 اپريل 2024 01:08pm
فوٹو۔۔۔فائل
فوٹو۔۔۔فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی بنی گالہ سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست عدم پیروی پر خارج کر دی ہے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ بشری بی بی کے وکلا خود بھی نہیں چاہتے کہ وہ جیل چلی جائیں، گزشتہ سماعت پر کہا تھا کہ آئندہ تاریخ پر فیصلہ کروںگا پھر بھی پیش نہیں ہوئے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشریٰ بی بی کی سب جیل بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پرسماعت کی۔

بشریٰ بی بی کی جانب سے کوئی بھی وکیل عدالت میں پیش نہ ہوا، وکلا کی عدم پیشی پرعدالت نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے استفسار کیا کہ بشریٰ بی بی کے وکلا عدالت میں پیش کیوں نہیں ہوئے؟

عدالت نے کہا کہ اگر وہ یہ کیس جیت جاتے تو بشریٰ بی بی جیل چلی جاتیں، وہ خود بھی نہیں چاہتے کہ بشریٰ بی بی جیل چلی جائیں ، مذاق بنایا ہوا ہے۔

سرکاری وکیل نے عید پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقات کا بتایا تو جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ دونوں جانب سے عدالت کے ساتھ سیاست کھیلی جا رہی ہے، شعیب شاہین آئے اور پھر چلے گئے۔ عدالت نے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست خارج کی تو بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گِل عدالت پہنچ گئے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ درخواست عدم پیشی پرخارج کردی ہے، اب آپ بحالی کی درخواست دے سکتے ہیں۔

وکیل بشریٰ بی بی

سابق خاتون اول کے وکیل عثمان گل کا کہنا ہے کہ عدم پیروی پر ہماری درخواست خارج ہوگئی۔ ناکے، رکاوٹیں لگی ہوئی تھیں، چار راستے تبدیل کرکے آئے ہیں، تقریبا 15 منٹ لیٹ ہونے پر درخواست خارج ہوئی۔

عثمان گِل نے پٹیشن بحالی کی درخواست دائر کرنے کا موقف اپنایا۔

bushra bibi

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)