Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

آل پاکستان آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن کا مقامی گروہ کی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان

موجودہ صورتحال میں ملک و قوم اور حکومت کے ساتھ ہیں، شمس شاہوانی
اپ ڈیٹ 16 اپريل 2024 12:36pm

آل پاکستان آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن نے مقامی گروہ ”آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن“ کی جانب سے اعلان کردہ ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کردیا ہے۔ آل پاکستان آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن اور آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن دو علیحدہ گروہ ہیں، جن میں سے ”آل پاکستان“ مرکزی جبکہ دوسرا ایک مقامی گروہ ہے، گزشتہ روز آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن نے مطالبات پورے نہ ہونے پر آج سے پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن نے میٹرائزڈ سسٹم کے تحت ٹینکرز کی بھرائی کے مطالبات پورے نہ ہونے پر اعلان کیا تھا کہ اسلام آباد، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں سپلائی نہیں کی جائے گی، تمام ہوائی اڈوں کو بھی سپلائی معطل رہے گی۔

تاہم، آج ہی آئل ٹینکرز اونر ایسوسی کے صدر شمس شاہوانی نے کہا کہ ہم موجودہ صورتحال میں ملک و قوم اور حکومت کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام ڈپوز کو سپلائی جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ آئل مافیا کی بلیک میلنگ کے خلاف کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری ہے، پی ایس او کے سپلائی آپریشنز معمول کے مطابق فعال ہیں اور فیول سپلائی کے تمام آرڈرز کی تکمیل کی جارہی ہے۔

ترجمان پی ایس او کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں تمام پٹرولیم پروڈکٹس کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

Petroleum products

petrol price hike

oil tankers