Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

واشنگٹن: آئی ایم ایف سے جلد نیا معاہدہ ہو جائے گا، وفاقی وزیر خزانہ

وزیر خزانہ کی پاک امریکا بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات، امریکی تھنک ٹینک سے بھی گفتگو
اپ ڈیٹ 16 اپريل 2024 02:02pm

وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں پاک امریکا بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات کی ہے۔ جب کہ امریکی تھنک ٹینک اٹلانٹک کونسل سے گفتگو میں وزیرخزانہ نے کہا کہ پاکستان نے کامیابی سے آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کیا، امید ہے جلد نیا معاہدہ ہوگا۔

پاک امریکا بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات میں سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی اور سرمایہ کاری سے متعلق بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت گئی۔

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی تھنک ٹینک اٹلانٹک کونسل سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان نے کامیابی سے آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کیا۔ آئی ایم ایف سے قرض توسیع پروگرام پر بات چیت کا پلان ہے، امید ہے جلد نیا معاہدہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر جی ڈی پی مثبت سمت میں بڑھ رہی ہے، ایگریکلچر جی ڈی پی میں نمو 5 فیصد ہے، سروسز سیکٹر بہتری کی جانب گامزن ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح اڑتیس فیصد سے کم ہو کر بیس فیصد کے قریب آگئی ہے، ایف بی آر اور ٹیکس کلیکشن نظام میں ضروری اصلاحات کی جارہی ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا اور معاشی پالیسیز میں تسلسل ضروری ہے۔ غیرملکی اور مقامی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا۔

اس کے علاوہ ایک خصوصی انٹرویو میں وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف سے نئےقرض معاہدے پربات چیت شروع کردی، قسط رواں ماہ منظور ہونے کا امکان ہے، نئے قرض کیلئے 3 سالہ پروگرام کی درخواست کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ امریکا ہمارا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نجکاری کے حوالے سے قومی ایئرلائن پہلا منصوبہ ہے، کوشش ہے جون کے آخر تک نجکاری فنشنگ لائن پر لے جائیں۔

Finance minister

economic crisis

IMF PAKISTAN

Special Investment Facilitation Council (SIFC)