Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اپوزیشن تحریک سے نمٹنے کیلئے ن لیگی حکومت کی اسٹریٹیجی کیا ہے؟

سعودی عرب پاکستان میں لیڈ لیتا ہے تو دیگر گلف ممالک کو بھی پاکستان پر اعتماد پیدا ہوگا، خرم دستگیر
شائع 15 اپريل 2024 09:24pm

ماضی میں اہم وفاقی وزارتیں سنبھالنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ سعودی وفد اسلام آباد میں موجود ہے، اپوزیشن کی تحریک سے زیادہ حکومت کیلئے یہ دورے پاکستان کے استحکام کیلئے اہم ہیں۔

آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) وہ جماعت ہے جس کی حکومتوں نے 126 دن کا دھرنا، 31 اکتوبر 2016 کا پشاور سے اسلام آباد پر حملہ، 25 مئی 2022 اور 9 مئی 2022 بھی سہا ہے۔ ہم بڑی حد تک فساد اور فتنے والی حرکات کا سامنا کر چکے ہیں۔

خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد کی تحریک سے نمٹنے کیلئے ہمارا فوکس یہ ہوگا کہ اپوزیشن کو دبانے کے بجائے عوام کی جان و مال کو بچایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ 126 دن کے دھرنے میں بھی ہماری یہی کوشش تھی کہ لوگوں کا جانی و مالی نقصان نہ ہو، لیکن یہ بھی ایک غلطی تھی کہ جس طرح پی ٹی وی پر حملہ ہوا یا پارلیمنٹ کا جنگلا گرایا گیا، اس پر قانون کا اطلاق ہونا چاہئیے تھا۔

خرم دستگیر نے کہا کہ اب جو نئی لہر آرہی ہے اس میں بھی عوام کی جان و مال کا تحفظ ترجیح ہے، لیکن جو لوگ فتنا پھیلانا چاہیں گے ان پر قانون کا پورا اطلاق ہونا چاہئیے، تاکہ آئندہ کسی کو ایسی جرات نہ ہو۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سعودی وفد کا دورہ پاکستان ایک اچھی نوید ہے، کیونکہ سعودی عرب ناصرف مشرق وسطیٰ بلکہ دنیا میں ایک نئی طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے سابق رواں سے زیادہ بہتر طریقے سے دنیا میں سفارت کاری کی ہے، سعودی عرب کا بین الاقوامی معیشت میں ایک بھاری وزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر سعودی عرب پاکستان میں لیڈ لیتا ہے تو دیگر گلف ممالک کو بھی پاکستان پر اعتماد پیدا ہوگا، اتنے بڑے وفد کا وزیراعظم کے دورے کے فوراً بعد پاکستان آجانا ظاہر کرتا ہے کہ سعودی ولی عہد کیلئے پاکستان کی کتنی اہمیت ہے۔

khurram dastagir

Saudi delegation