Aaj News

جمعرات, نومبر 14, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

آصفہ بھٹو زرداری نے رکن قومی اسمبلی کا حلف اٹھا لیا، الیکشن میں کامیابی عدالت میں چیلنج

آصفہ بھٹو نے سیاست میں باقاعدہ انٹری دے دی
شائع 15 اپريل 2024 06:05pm
National assembly important session - Asifa Bhutto’s oath taking ceremony - Aaj News

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری نے انتخابات میں نواب شاہ سے بلامقابلہ جیت حاصل کرنے کے بعد بطور رکن قومی اسمبلی حلف اٹھا لیا ہے، تاہم ان کی بلامقابلہ جیت کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔

پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے آغاز میں آصفہ بھٹو نے اپنی رکنیت کا حلف اٹھایا، اس دوران اپوزیشن کی جانب سے ’جعلی الیکشن نامنظور‘ کے نعرے لگائے گئے جبکہ پیپلز پارٹی کے ارکان نے نشستوں پر کھڑے ہوکر ’نعرہ بھٹو جئے بھٹو‘ کہنا شروع کیا جس سے ایوان گونج اٹھا۔

دوسری جانب حلف برداری سے قبل آصفہ بھٹو زرداری کی این اے 207 نواب شاہ سے بلامقابلہ کامیابی کو عدالت میں چیلنج کردیا گیا۔

آصفہ کی کامیابی کو حلقہ 207 نواب شاہ سے تعلق رکھنے والے امیدوار غلام مصطفیٰ رند نے چیلنج کیا۔

غلام مصطفیٰ رند نے پی ٹی آئی وکیل ایڈووکیٹ وہاب بلوچ کے توسط سے دائر درخواست میں الیکشن کمیشن سمیت آصفہ بھٹو کو فریق بنایا۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ 22 اپریل تک کامیابی اور منتخب ہونے کا فیصلہ کرنا غیر قانونی ہے، ہمارے کاغذات مسترد کیے گئے، ہم نے واپس نہیں لیے، مجھے کہا گیا کہ آپ نے بجلی کا بل جمع نہیں کروایا جب کہ ہمارے گاؤں میں تو بجلی ہے ہی نہیں اور جب میں بل لینے گیا تو مجھے پولیس نے حراست میں لے لیا۔

درخواست گزار نے لکھا کہ میری عدالت سے استدعا ہے کہ آصفہ بھٹو کی بلامقابلہ کامیابی کو کالعدم قرار دے کر مجھ سمیت دیگر امیدواروں کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے۔

aseefa bhutto

Oath in National Assembly