Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

پھل صحت کے لیے زیادہ مفید یا ان کا جوس

کیا پھلوں کے بجائے ان کا رس پینے سے نقصان ہو سکتا ہے
شائع 15 اپريل 2024 01:00pm

کیا آپ تازہ پھلوں کا رس نکالنے کے لیے کچن کی طرف بڑھ رہے ہیں، توایک لمحے کے لیے ٹہریں اورغور کریں کہ آیا جوس پینا، تازہ پھل کھانے کے برابر فائدہ مند ہے۔

ماہرین غذا کے مطابق پھلوں کا جوس، پھلوں کا نعم البدل نہیں ہو سکتا اوراس کی کئی وجوہات ہیں۔

پھلوں کے اندر قدرتی طور پر فائبر کی وافر مقدار پائی جاتی ہے، جبکہ پھلوں کا رس نکالنے کی صورت میں فائبر کی زیادہ تر مقدار ضائع ہو جاتی ہے۔

اس کے علاوہ پھلوں کے جوس کا زیادہ استعمال خون میں شکر کی سطح میں تیزی سے اضافے کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

پھلوں کے جوس میں کیلوریز کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ کیونکہ ایک گلاس جوس بنانے کے لیے کئی پھل درکار ہوتے ہیں،جس کی وجہ سے کیلوریز اور چینی کی مقدار بھی بڑھ جاتی ہے۔

پھلوں میں اینٹی آکسیڈنٹس، وٹامنز اور معدنیات بھی پائے جاتے ہیں،جبکہ جوس نکانے کے عمل میں یہ غذائی اجزاء ضائع ہو سکتے ہیں ،خصوصا پانی میں حل ہوجانے والے وٹامنز ،جیسے وٹامن سی۔

پھلوں کو کھانے سے زیادہ پیٹ بھرنے اور طمانیت کا احساس ہوتا ہے،بہ نسبت جوس پینے کہ، کیونکہ اس میں فائبر کے اجزاء اور چبانے کا عمل بھی شامل ہوجاتا ہے۔

ماہرین غذا کا یہ بھی کہنا ہے کہ پھلوں میں پایا جانے والا فائبر پیٹ کے بھرارہنے اور قبض سے بھی نجات دلاتا ہے۔

مزید برآں، جب آپ فروٹ کھاتے ہیں تو آپ کا جسم پھلوں میں موجود شکر کو جذب کرنے میں وقت لگاتا ہے۔ جبکہ جوس پینے کی صورت میں خون میں شکر کی سطح میں اضافہ ہو جاتا ہے اور نتیجے کے طور پر جسم فوری طور پر انسولین جاری کرتا ہےاور خون میں شکر کی ایک بڑی مقدار چربی اور گلائیکوجن میں تبدیل ہوجا تی ہے ،جس کی وجہ سے آپ کو زیادہ بھوک لگتی ہے، اور آپ زیادہ کھاتے ہیں۔

تاہم ماہرین جوس کی افادیت سے انکار بھی نہیں کرتے ہیں۔ ان کے مطابق پھلوں کا جوس،ہائیڈریٹنگ اورمختلف قسم کے پھلوں کو استعمال کرنے کا آسان طریقہ ہے۔

پھلوں کے رس میں موجود وٹامن سی اوراینٹی آکسیڈینٹس جسم سے فری ریڈیکلزکے اخراج میں مدد دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ پھلوں کے رس قدرتی شکر اور الیکٹرولائٹس کا ایک بڑا ذریعہ ہیں، جس سے ورزش کے بعد کھوئی ہوئی توانائی بحال ہونے میں مدد ملتی ہے۔

مگر ماہرین پھلوں کے رس کے ضمنی اثرات بھی بیان کرتے ہیں ۔ ان کے مطابق پھلوں کارس ذیابیطس کے مریضوں کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتا ہے۔

پھلوں کے جوس کا استعمال وزن میں اضافے کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

اگرپھلوں کا جوس زیادہ پیا جائے تو یہ دانتوں کی کیوٹیز، دانتوں کے سڑنے اور دانتوں میں درد کا بھی سبب بن سکتا ہے۔

اس لیے بہتر ہے کہ ان سائیڈ افیکٹس سے بچنے کے لیے پھلوں کے جوس کو مناسب مقدار میں لیا جائےاور کوشش کی جائے کہ بغیر شکر کے پھلوں کی مختلف ورائٹیز کا انتخاب کیا جائےاور پھلوں کے رس کی بجائے فروٹ کھانے کو ترجیح دی جائے۔

صحت

دسترخوان

lifestyle