Aaj News

جمعرات, نومبر 14, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

کمبوڈیا کا سالِ نو، متنازع بھارتی سفیر نے حُور کا روپ دھار لیا

دیویانی کا فوٹو شوٹ سوشل میڈیا پر وائرل، 2013 میں نیو یارک میں گرفتاری سے بھارت امریکا تعلقات کشیدہ ہوئے
شائع 15 اپريل 2024 11:01am

کمبوڈیا میں متعین بھارتی سفیر دیویانی کھوبروگڑے نے مقامی سالِ نو کی آمد پر روایتی حُور کا روپ دھار لیا اور روایتی لباس میں فوٹو شُوٹ کروایا۔ یہ فوٹو شُوٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔ دیویانی کو 2020 میں کمبوڈیا میں تعینات کیا گیا تھا۔

بھارتی سفیر کا کمبوڈیا کی لوک داستانوں میں پائی جانے والی حُور کا روپ بہت سوں کو پسند آیا ہے اور اُنہوں نے کمبوڈیا کے لوگوں کو سالِ نو کی مبارک باد دینے کا یہ انداز سراہا ہے تاہم تنقید کرنے والے بھی کم نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سفیر کے منصب کی نزاکت سے یہ سب کچھ مطابقت نہیں رکھتا۔

دیویانی ڈاکٹر ہیں۔ انہوں نے 1999 میں انڈین فارن سروس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اب تک وہ کمبوڈیا کے علاوہ برلن، نیو یارک، اسلام آباد اور روم میں خدمات انجام دے چکی ہیں۔ نیو یارک میں تعیناتی کے دوران اُن کے باعث امریکا اور بھارت کے تعلقات میں اُس وقت تناؤ پیدا ہوگیا تھا جب دسمبر 2013 میں انہیں ویزا سے متعلق دھوکا دہی اور غلط بیانی پر گرفتار کیا گیا۔

امریکا میں سفارتی خدمات کے انجام دہی کے دوران دیویانی کا ایک اور تنازع اس وقت پیدا ہوا جب ان پر الزام عائد کیا گیا کہ وہ اپنی گھریلو ملازمہ کو سرکاری طور پر طے شدہ کم از کم اجرت سے بھی کم اجرت دے رہی ہیں۔

اس قضیے میں دیویانی کو عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ متعلقہ امریکی عدالت نے سفارتی حیثیت کی رُو سے رعایت دیتے ہوئے دیویانی کے خلاف کیس خارج کردیا تھا۔

امریکا کی جانب سے سفارتی استثنٰی ختم کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے نئی دہلی نے دیویانی کو واپس بلالیا تھا۔ اس معاملے نے دو طرفہ تعلقات میں کشیدگی پیدا کی اور بھارت نے امریکا کے متعدد سفارت کاروں کی مراعات میں کمی کردی۔ اس کے جواب میں امریکا نے ایک سفارت کار کو واپس بلالیا۔

Photoshoot

Indian Ambassador

DEVYANI KHOBROGADE

DRESSED AS APSARA

COMBODIAN ATTIRE

CONTROVERSIAL FIGURE