Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

امریکہ نے ایران پر حملے میں اسرائیل کا ساتھ دینے سے انکار کردیا

ایوانِ نمائندگان سے اسرائیل کیلئے 14 ارب ڈالر کا امدادی پیکیج منظور کرانے کی کوششیں تیز
شائع 15 اپريل 2024 09:53am

امریکا نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ ایران پر کسی بھی حملے میں اُس کا ساتھ نہیں دیا جائے گا۔ ساتھ ہی ساتھ صدر جو بائیڈن نے اسرائیل کے لیے 14 ارب ڈالر کے امدادی پیکیج سے متعلق بل کی منظوری کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں۔

امریکی صدر نے اتوار کو کہا تھا کہ اگر اسرائیل نے ایرانی حملے کا جواب دینے کے لیے کوئی کارروائی کی تو امریکا اس کا حصہ نہیں بنے گا۔ انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کو خبردار کیا تھا کہ وہ ایران کے خلاف کوئی بھی کارروائی کرنے سے قبل ممکنہ نتائج کے بارے میں اچھی طرح سوچ لیں۔

ایران کا کہنا ہے کہ ’آپریشن آنیسٹ پرامس‘ اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ دوسری طرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کہا ہے کہ اب اگر امریکی مفادات اور اسرائیل کو نشانہ بنایا گیا تو ایران ذمہ دار ہوگا۔

امریکی ایوانِ صدر نے ایک بیان میں کہا کہ ایران کے حملے کا جواب دینے کے لیے امریکا نے اسرائیل کی مدد ضرور کی ہے تاہم جوابی حملے کی صورت میں اس کا ساتھ دینے سے اجتناب برتا جائے گا۔

وائٹ ہاؤس نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ترجمان جان کربی نے این بی سی کے پروگرام میٹ دی پریس میں کہا کہ امریکا نہیں چاہتا کہ مشرقِ وسطیٰ میں کوئی بڑی اور حقیقی جنگ ہو۔ یہ معاملات اب مزید آگے نہیں بڑھنے چاہئیں۔

جان کربی نے کہا کہ ہفتے کو صدر بائیڈن اور اسرائیلی وزیر اعظم نے فون پر بات کی تھی اور تب بنیامین نیتن یاہو کو جو بائیڈن کے محسوسات کا اچھی طرح اندازہ ہوگا۔ امریکی حکام نے بتایا کہ امریکی فوج نے ایران کے 70 ڈرون اور امریکی جنگی جہازوں نے 4 یا 6 بیلسٹک میزائل مار گرائے تھے۔

بائیڈن انتظامیہ کے ایک سینیر افسر نے تصدیق کی ہے کہ صدر بائیڈن نے اسرائیل پر واضح کردیا ہے کہ ایران پر کسی بھی حملے میں امریکا ساتھ نہیں دے گا۔ اس معاملے میں جو بھی فیصلہ ہوگا وہ خود اسرائیل کا ہوگا، امریکا نہیں۔

امریکی صدر بائیڈن نے ایوانِ نمائندگان پر زور دیا ہے کہ اسرائیل کے لیے 14 ارب ڈالر کے امدادی پیکیج سے متعلق بل کی منظوری دے دے۔ انہوں نے اس سلسلے میں ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن سے گفتگو کی ہے۔

مائیک جانسن نے فاکس نیوز کو بتایا کہ اُنہیں اس بات کا اندازہ ہے کہ اس وقت اسرائیل کے ساتھ کھڑے رہنے کی ضرورت ہے اس لیے وہ کوششیں کریں گے کہ یہ بل جلد از جلد منظور کرلیا جائے۔

بائیڈن انتظامیہ فروری سے قومی سلامتی کے 95 ارب کے پیکیج کی منظوری کے لیے ری پبلکنز کی بھاری اکثریت والے ایوانِ نمائندگان میں کوشاں رہی ہے۔ اس پیکیج میں اسرائیل، یوکرین اور تائیوان کے لیے امدادی پیکیج بھی شامل ہیں۔

John Kirby

Fox News

US NOT TO SUPPORT ISRAEL

AID PACKAGE

MEET THE PRESS