Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

مختلف شہروں میں بارش، آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 11 افراد جاں بحق

محکمہ موسمیات کی مزید بارش کی پیشگوئی
اپ ڈیٹ 13 اپريل 2024 03:37pm

ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم سہانا ہوگیا جب کہ چند پہاڑی مقامات پر جاتی سردی لوٹ آئی ہے، کرک میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پشین میں بارشوں سے سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، پشین میں سیلاب سے 10 سے15 گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ملک میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 2 خواتین سمیت 11افراد جاں بحق ہوگئے۔

آسمانی بجلی گرنے کے واقعات رحیم یار خان، لودھراں، کشمور، قلعہ سیف اللہ، سوراب اور پشین میں پیش آئے۔

آسمانی بجلی گرنے سے کسی ایک شہر میں سب سے زیادہ 6 اموات رحیم یارخان میں ہوئیں۔

عید کے تین روز سورج کی تپش سے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع کا پارا ہائی رہا۔ لیکن رات گئے مختلف اضلاع میں بادلوں کی انٹری سے موسم میں خوشگوار تبدیلی آگئی۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔ لاہور میں بھی سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی کے ساتھ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم خوشگوار بنا دیا ہے۔

ملتان ڈیرہ غازی خان میں رات گئے تیز بارش نے گرمی میں کچھ حد تک کمی کردی محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی پنجاب میں آئندہ چوبیس گھنٹے کےدوران بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا میں بارش

پشاور میں گزشتہ روز سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کےمطابق بارش کا سلسلہ 15 اپریل تک جاری رہے گا۔

بالاکوٹ اور کاغان ویلی و گرد و نواح میں بھی بادل برس پڑے۔

بارش کے بعد بالاکوٹ کا موسم خوشگوار جبکہ کاغان کا موسم سرد ہوگیا۔ سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

کوہاٹ میں بھی رات گئے سے برسات کا سلسلہ جاری ہے۔

باڑہ اور وادی تیراہ میں بھی گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔

کرک میں رات گئے سے پورے ضلع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ جس سے جاتی سردی لوٹ آئی۔

کرک میں محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہاڑی علاقوں کی رابطہ سڑکوں پر لینڈ سلائڈنگ کا خطرہ ہے۔

بلوچستان میں بارش

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

دلبندین، نوشکی، پشین، مستونگ، قلات اور قلعہ عبداللہ میں نشیبی علاقے زیر آب ہیں۔

بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کا مانیٹرنگ روم قائم کردیا گیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پشین میں بارشوں سےسیلابی صورتحال کا سامنا ہے، پشین میں سیلاب سے 10 سے15 گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

Cold Weather

Met Office

Rain