Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

نوشکی واقعہ پر وزیر اعظم کا اظہار مذمت ’دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے‘

شہباز شریف کی نوشکی میں مسافروں کے اغوا کے بعد قتل کی مذمت، رپورٹ طلب
اپ ڈیٹ 13 اپريل 2024 11:59am
فوٹو۔۔۔فائل
فوٹو۔۔۔فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے نوشکی میں مسافروں کے اغوا کے بعد قتل کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کہتے ہیں قائد اعظم کے پاکستان میں ایسے افسوسناک واقعات کی کوئی گنجائش نہیں۔

شہباز شریف نے لرزہ خیز واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مقتولین کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

وزیراعظم نے مقتولین کے لئے فاتحہ خوانی کی اور ان کی بلندی درجات کیلئے دعاء بھی کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ مجرموں اور سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

اس کے علاوہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نوشکی واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ قائداعظم کے پاکستان میں ایسے افسوسناک واقعہ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ سے تفتان جانیوالی بس سے نو مسافر اتار کر قتل کر دیئے گئے، تمام لاشیں نوشکی کے پہاڑی علاقے میں پل کے نیچے سے ملیں، مقتولین کے جسم کے مختلف حصوں پر گولیاں ماری گئیں۔

PM Shehbaz Sharif

cm balochistan

Balochistan law and order situation

Balochistan killings