محکمہ خوراک گندم خریداری کا عمل ہفتہ سے شروع کرے گا
پنجاب میں گندم خریداری مہم کا آغاز ہفتہ 13 اپریل سے ہوگا۔ ترجمان محکمہ خوراک کا کہنا ہے کہ کاشت کاروں سے گندم 3900 روپے فی 40 کلو کی مقررہ قیمت پر خریدی جائے گی جبکہ کاشتکار باردانہ ایپ کے ذریعے باردانہ کے حصول کی درخواست دے سکیں گے۔
ترجمان محکمہ خوراک پنجاب کا کہنا ہے کہ پی آئی ٹی بی کی باردانہ ایپ پر 13 سے 17 اپریل تک باردانہ کے حصول کے لیے درخواستیں موصول ہوں گی، باردانہ کا اجراء 19 اپریل 2024 سے ہوگا اور پیر 22 اپریل سے گندم کی خریداری شروع ہوگی، جس کے لیے ضلعی سطح پر گندم کی خریداری کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان محکمہ خوراک کے مطابق پی آئی ٹی بی اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی تصدیق کے بعد کاشتکاروں کو تصدیقی میسج کیا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ صوبے بھر میں 393 گندم خریداری مراکز قائم کیے ہیں اور کاشتکاروں سے گندم 3900 روپے فی 40 کلو کی مقررہ قیمت پر خریدی جائے گی، گندم کی قیمت کے علاوہ ہر کاشتکار کو 30 روپے فی 100 کلوگرام ڈلیوری چارجز بھی ادا کیے جائیں گے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہچھوٹے کسان کے تحفظ کے لیے باردانہ حصول کی اہلیت 6 ایکڑ تک رکھی گئی ہے، فلورملز، پرائیویٹ سیکٹر اور سیڈ کمپنیوں کو بھی مقررہ نرخ پر خریداری کی اجازت دی گئی ہے۔
ترجمان محکمہ خوراک کے مطابق گندم خریداری مہم کے دوران شکایات کے ازالے کے لیے کنٹرول روم اور ٹال فری نمبر 080013505 پر اطلاع دیں۔
Comments are closed on this story.