Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کوئٹہ میں عید پر ابلے انڈوں کی جنگ کیسے لڑی جاتی ہے؟

انڈے لڑانے کے کھیل کا شمار بلوچستان کے قدیم کھیلوں میں ہوتا ہے
شائع 11 اپريل 2024 10:55pm

نازک ہونے کی وجہ سے انڈے کو اٹھاتے اور رکھتے وقت انتہائی احتیاط سے کام لیا جاتا ہے لیکن اس کے برعکس عید کے مواقع پر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں اس نازک سی شے کو لڑایا جاتا ہے۔

انڈے لڑانے کے کھیل کا شمار بلوچستان کے قدیم کھیلوں میں ہوتا ہے۔ اگرچہ ماضی کے مقابلے میں اس میں کمی آئی ہے تاہم اب بھی عید کے مواقع پر اس کھیل کو کھیلا جاتا ہے۔

کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں عید کے مواقع پر جو میلے لگتے ہیں ان میں انڈے بھی لڑائے جاتے ہیں۔

انڈوں کو لڑانے سے قبل ان کو ابالنے کے علاوہ ان کو مختلف رنگوں میں رنگا بھی جاتا ہے۔ انڈے کو دونوں اطراف سے لڑایا جاتا ہے ۔سب سے پہلے اس کے نوکیلے والے حصے کو دوسرے انڈے سے لڑایا جاتا ہے۔

انڈے کے نوکیلے والے حصے کو سرک کہا جاتا ہے جبکہ اس کے دوسرے حصے کو کونک کہا جاتا ہے۔ سرک کی طرح انڈوں کے کونک کو بھی لڑایا جاتا ہے۔

انڈے لڑانے والوں دو افراد میں سے ایک انڈے کو نیچے رکھتا ہے جبکہ دوسرا اس کواوپر سے اپنے ہاتھ میں پکڑے ہوئے انڈے سے ٹکراتا ہے۔ جس کا انڈا ٹوٹ جاتا ہے وہ ہار جاتا ہے اور وہ ٹوٹا ہوا انڈا جیتنے والے کے حوالے کرتا ہے۔

جو انڈا مضبوط ہوتا ہے اس کو لڑانے کے لیے رکھا جاتا ہے۔ اگر کوئی زیادہ انڈے جیتتا ہے تو ان کو فروخت بھی کرتا ہے۔

بلوچستان

quetta

Boiled Egg Fight