وزیر توانائی کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے پر وضاحتیں
وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے بجلی کی فی یونٹ اضافے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ رواں ماہ کے بلوں پر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 7 روپے 6 پیسہ فی یونٹ سے کم ہو کر 4 روپے 92 پیسے مقرر ہوئی۔
اپنے بیان میں اویس لغاری کا کہنا تھا کہ اپریل کے بجلی کے بلوں میں 3 روپے 82 پیسے فی یونٹ کمی ہوئی، یہ مجموعی کمی ڈالر کے لحاظ سے سہ ماہی اورفیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کے بلوں پر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 7 روپے 6 پیسہ فی یونٹ سے کم ہو کر 4 روپے 92 پیسے مقرر ہوئی، پہلی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ 4 روپے 43 پیسے تھی وہ کم ہوکر 2 روپے 75 پیسے ہوگئی ہے اور بلوں میں ایک روپیہ 68 پیسے کی کمی ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ کی نسبت رواں ماہ بجلی کے بلوں میں کمی ہوگی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ عوام کو دباؤ سے بچایا جائے اور ہر ممکن ریلیف دیا جائے۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ نیپرا ہر سال کے آغاز میں پورے سال کے ’ریفرنس ٹیرف‘ کا تعین کرتی ہے، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ایک ماہ میں بجلی کی پیداوار پرآنے والی لاگت کا تعین کرتی ہے، نیپرا کی مقررہ قیمت کے مقابلے میں ایندھن کی قیمت میں کمی پر صارفین کیلئے قیمت میں کمی آتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیپرا ٹیرف سے قیمت زائد ہونے پر ایندھن کی اصل قیمت اور ایندھن کی مقررہ قیمت کے درمیان فرق کی رقم وصول کی جاتی ہے، اس فرق کو وصول نہ کرنےسے ملکی خسارے میں اضافہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیپرا ہر ماہ کے لیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا تعین کرتی ہے اور ایندھن کی قیمت میں 2 روپے 14 پیسے کی کمی ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ایک ماہ کیلئے بجلی 4 روپے 92 پیسے فی یونٹ مہنگی کی تھی۔
Comments are closed on this story.