Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کنڈ پارک میں مسافروں سے بھری کشتی ڈوبنے کی ویڈیو سامنے آگئی، لوگ مدد کیلئے کشتی بانوں کو پکارتے رہے

حادثہ گنجائش سے زیادہ افراد سوار ہونے کی وجہ سے پیش آیا
اپ ڈیٹ 11 اپريل 2024 09:57pm

نوشہرہ میں کنڈ پارک کے مقام پر کشتی ڈوب گئی، کشتی میں 15 افراد سوار تھے جن میں سے ایک جاں بحق ہوگیا جبکہ 3 کو بچا لیا گیا، دیگر کی تلاش جاری ہے۔

آج نیوز کو موصول حادثے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ مدد کیلئے کشتی بانوں کو پکار رہے ہیں، جب کشتی الٹی تو تمام سیاح کشتی کے ساتھ چپک گئے تھے، سیاحوں نے لائف جیکٹ بھی نہیں پہنی ہوئی تھی۔

پولیس کی جانب سے دفعہ 144 نافذ ہونے کے باوجود کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، واقعہ پولیس کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کشتی میں موجود مزید افراد کو ریسکیو کیا جا رہا ہیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے حادثہ گنجائش سے زیادہ افراد سوار ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کشتی ڈوبے کے واقعے پر اظہار افسوس کیا اور ڈوبنے والے افراد کی خیریت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

وزیر اعلیٰ نے ریسکیو حکام اور ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی طور پر ریسکیو اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈوبنے والے افراد کو بچانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں، اور ریسکیو کیے جانے والے افراد کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ساتھ ہی صوبہ بھر میں کشتی رانی کو محفوظ بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں، اور کشتی رانی کے لئے حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر نوشہرہ خالد اقبال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کنڈ پارک مکمل بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے اور انسانی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلٸے ضلعی انتظامیہ نوشہرہ نے کنڈ پارک کو پوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا،اور کنڈ پارک میں تمام تفریحی سرگرمیاں معطل کردی گئیں۔

ضلعی انتظامیہ نوشہرہ نے عیدالفطر سے پہلے متعلقہ ساٸٹ کا وزٹ کیا تھا اور تمام سٹیک ہولڈرز کو پبلک سیفٹی یقینی بنانے کے احکامات دٸے گٸے تھے۔ دفعہ 144 کے تحت کشتیوں میں 8 سے ذیادہ افراد بٹھانے پر بھی پابندی عاٸد کر دی گٸی تھی۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کاررواٸی کی جائے گی۔

تین اضلاع میں 18 افراد ڈوبے

ریسکیو 1122 ذرائع کا کہنا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر 3 اضلاع میں ڈوبنے کے متعدد واقعات رونما ہوئے، جن میں 18 افراد ڈوبے، غوطہ خوروں نے 8 افراد کو زندہ نکال لیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق نوشہرہ کنڈ پارک میں کشتی ڈوبنے سے 10 افراد ڈوب گئے جن میں سے 3 افراد کو زندہ نکال لیا گیا، چارسدہ کی خیالی نہر میں 6 افراد نہاتے ہوئے ڈوب گئے جن میں سے 3 کو زندہ نکال لیا گیا، جبکہ کوہاٹ میں ڈیم میں نہاتے ہوئے 2 افراد ڈوب گئے جن کو زندہ نکال لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کنڈ پارک سرچ آپریشن میں ریسکیو 1122 نوشہرہ، مردان اور صوابی کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات پر پہلے ہی سیاحتی مقامات پر غوطہ خور ٹیمیں تعینات کی گئیں تھیں۔

Kund Park

Boat Drown